کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پنجہ آزمائی

ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیمیں 22 فروری اور 5 مارچ کو بالترتیب کراچی اور راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی

ہفتہ 15 فروری 2020 21:00

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پنجہ آزمائی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2020ء) سنسنی سے بھرپور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ گذشتہ 4 سالوں سے شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا محور ہے۔یہاں چندمخصوص ٹاکرے بھی ایونٹ کو چار چاند لگانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہی میں سے ایک ٹاکراکوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہے۔دونوں ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں اپنے اعزاز کا دفاع بھی کرے گی۔دونوں ٹیموں کا ایچ بی ایل پی ایس ایل میں جیت کا تناسب بھی بہترین ہے۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایونٹ میں کامیابی کا تناسب 61.90 جبکہ پشاور زلمی 58.69کے تناسب کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ایونٹ کے گذشتہ ایڈیشنز میں دو مرتبہ پلے آف مرحلیمیں مدمقابل آنے والی دونوں ٹیمیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2017 کے فائنل میں پنجہ آزمائی بھی کرچکی ہیں۔

(جاری ہے)

لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیفائنل میں پشاورزلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی نے چمچماتی ٹرافی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں موجود تماشائیوں کے سامنے فضاء میں بلند کی تھی۔سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے فائنل میں شکست کا بدلہ پشاور زلمی سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر لیا۔

گذشتہ ایڈیشن کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر ایونٹ کے چار میں سے تین فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آئیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹاکرا 22 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور دوسرا 5مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں اس سے قبل14مرتبہ مدمقابل آئیں جہاں 8میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاور5میں پشاور زلمی نیکامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز میچوں کا آغاز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2016 کے پہلے کوالیفائر سے شروع ہوا۔ میچ میں گلیڈی ایٹرز نے زلمی کو1 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں اسی ایڈیشن میں 2مرتبہ گروپ مرحلے میں مدمقابل آئی تھیں جہاں فتح ایک مرتبہ کوئٹہ اور ایک مرتبہ پشاور کے نام رہی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2017 میں بھی دونوں ٹیمیں پلے آف مرحلے میں ٹکرائیں جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک مرتبہ پھر پشاور زلمی کو1 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ جس کے بعد پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو ایلیمنٹر میچ میں شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی اور کوئٹہ کو فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں دونوں ٹیموں نے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے ایلیمنٹر میچ کھیلا جہاں زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

اس میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 1 رنز سے شکست دی۔ یہ مسلسل تیسری مرتبہ ایسا موقع تھا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پلے آف مرحلے میں میچ جیتنے والی ٹیم محض ایک رنز سے کامیاب رہی تھی۔گذشتہ ایڈیشن میں بھی دونوں ٹیمیں 4 مرتبہ مدمقابل آئیں۔ گروپ مرحلوں کے علاوہ دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ پلے آف اور دوسری مرتبہ فائنل میں مدمقابل آئیں۔

دونوں مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پہلے 10رنز اور دوسری مرتبہ گلیڈی ایٹرز نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ایچ بی ایل پی ایس ایل2020 میں ٹائٹل جیتنے کی دوڑ میں شامل دونوں ٹیموں نے متوازی اور بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔پشاور زلمی کی ٹیم میں سب سے نمایاں بلے باز کامران اکمل ( 47 میچوں میں 1286 رنز) اور باؤلر وہاب ریاض (45میچوں میں 65 وکٹیں) شامل ہیں۔

رواں سال شعیب ملک کی پشاور زلمی میں شمولیت کے باعث اسکواڈ کی بیٹنگ لائن اپ کو مزید تقویت ملی ہے۔ بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 2309 رنز بنانے والے شعیب ملک کے علاوہ ٹام بنٹن بھی پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن اپ کا اہم حصہ ہیں۔اس کے علاوہ کیرون پولارڈ، ڈیرن سیمی اور امام الحق گذشتہ ایڈیشنز میں پشاور زلمی کے لیے بیٹنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

اسی طرح سپلیمنٹری کٹیگری میں نوجوان کرکٹر حیدر علی حال ہی میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ باؤلنگ کے شعبہ میں وہاب ریاض کے علاوہ انجری سے صحتیاب ہونے والے حسن علی،راحت علی، نوجوان اسپنر محمد محسن، عامر علی اور فاسٹ باؤلر عامر خان بھی پشاور زلمی کیاہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔ عامر علی اور عامر خان حال ہی میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

محمد محسن ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کا حصہ تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی امیدوں کا محور اس ایڈیشن میں بھی شین واٹسن ہوں گے۔ گذشتہ ایڈیشن میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز جیتنے والے شین واٹسن کے علاوہ انگلینڈ کے جارحانہ مزاج بیٹسمین جیسن رائے، عمر اکمل اور احمد شہزاد بھی سرفراز احمد کی قیادت میں متوازی بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہیں۔

باولنگ کے شعبہ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو حریف ٹیموں پر سبقت اس لحا ظ سے حاصل ہوگی کہ اسکواڈ میں شامل 2 تیز ترین باؤلر ایونٹ سے قبل ہی تمام فرنچائزز پر اپنی دھاک بٹھاچکے ہیں۔ نسیم شاہ اور محمد حسنین ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں شاندار کارکردگی کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ کار ٹیمل ملز کا ساتھ بھی میسر ہوگا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپن باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ میں محمد نواز، فواد احمداورآرش علی خان جیسے اسپنرز موجود ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 بیس فروری سے بائیس مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 15/02/2020 - 21:00:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :