پاکستان اور بھارت کبڈی ورلڈ کپ 2020کے فائنل میں پہنچ گئے

ہفتہ 15 فروری 2020 23:30

پاکستان اور بھارت کبڈی ورلڈ کپ 2020کے فائنل میں پہنچ گئے
لاہور۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2020ء) سپورٹس بورڈ پنجاب اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے باہمی تعاون سے جاری کبڈی ورلڈ کپ2020ء کے سیمی فائنلز جیت کر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئی ہیں، فائنل آج شام 7بجے پنجاب سٹیڈیم میں ہوگا،کبڈی ورلڈ کپ 2020کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو42-32 سیہرادیا جبکہ پاکستان نے ایران کو52-30سے شکست دی،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے سیمی فائنلز پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے گئے، دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلا گیا۔

ایران نے ٹاس جیت کر پہلا ریڈ کیااور پوائنٹ حاصل کرلیا، پاکستان کی ٹیم نے شروع سے ہی برتری حاصل کرلی، ایران کے کھلاڑیوں نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا پہلے ہاف میں پوائنٹس29-17رہے، دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں وقاص بٹ، سجاد گجر، محمد عرفان مانا جٹ، مشرف جنجوعہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی، پاکستانی جاپھیوں نے ایران کھلاڑیوں کو روک کر پوائنٹس حاصل کئے اور دوسرا سیمی فائنل 52-30سے جیت لیا۔

(جاری ہے)

ایران کے کھلاڑیوں نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کا مقابلہ کیا۔ پہلا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا جس میں بھارت نے ٹاس جیت کر ریڈ کرنے کا فیصلہ کیا،بھارتی کھلاڑی روی گجر نے پہلا ریڈ کیا اور پوائنٹ لیا، میچ کے آغاز میں ہی بھارتی کھلاڑی آسٹریلوی کھلاڑیوں پر چھائے رہے، بھارت وقفے وقفے سے اپنے پوائنٹس میں اضافہ کرتا رہا اور پہلے ہاف میں ہی آسٹریلیا کیخلاف واضح برتری حاصل کرلی، پہلے ہاف کے پوائنٹس 28-14رہے، دوسرے ہاف میں بھی بھارت نے اپنی برتری برقرار رکھی، بھارتی ریڈرز اور جاپھیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو آسٹریلیا کیخلاف 42-32 سے فتح دلادی۔

کبڈی فیڈریشن پاکستان کے صدر چودھری شافع حسین نے بھارت کے بہترین ریڈر کا انعام روی گجر اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بہترین جاپھی کا انعام امرجیت سولی چیمہ کو دیا، ایران کے ڈاکٹر عباس نے کبڈی فیڈریشن پاکستان کے صدر چودھری شافع حسین، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری رانا محمد سرور کو خصوصی تحائف دیئے۔
وقت اشاعت : 15/02/2020 - 23:30:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :