مانچسٹر سٹی پر 2 سیزن تک چیمپیئنز لیگ میں شرکت پر پابندی عائد

مانچسٹر سٹی کی ٹیم 23-2022 کے سیزن تک چیمپیئنز لیگ میں شرکت نہیں کر سکے گی

اتوار 16 فروری 2020 18:15

مانچسٹر سٹی پر 2 سیزن تک چیمپیئنز لیگ میں شرکت پر پابندی عائد
مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2020ء) اسپانسرشپ کے معاملات میں قانون کی خلاف ورزی اور تفتیش کاروں سے تعاون نہ کرنے پر انگلش پریمیر لیگ کی چمپئن مانچسٹر سٹی کی چیمپیئنز لیگ میں شرکت پر 2 سیزن کے لیے پابندی عائد کردی گئی ۔یوئیفا کے مطابق تفتیش سے ثابت ہوا کہ مانچسٹر سٹی نے کلب لائسنس کے ساتھ ساتھ مالیاتی معاملات میں بھی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی۔

مانچسٹر سٹی پر یہ الزام ثابت ہوا کہ انہوں نے 2012 سے 2016 کے سیزن کے دوران اپنے اسپانسرشپ سے حاصل ہونے والے ریونیو کو حاصل شدہ آمدن سے زائد ظاہر کیا اور پھر کلب نے اس سلسلے میں کی گئی تحقیقات میں بھی تعاون نہیں کی۔اس پابندی کے سبب مانچسٹر سٹی کی ٹیم 23-2022 کے سیزن تک چیمپیئنز لیگ میں شرکت نہیں کر سکے گی۔

(جاری ہے)

اس وقت چیمپیئنز لیگ میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم پری کوارٹر فائنل میں ریال میڈرڈ کا مقابلہ کرے گی اور اگر وہ اس سال چمپئن بننے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو بھی وہ پابندی کے سب اگلے سال اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کر سکیں گے۔

مانچسٹر سٹی پر دو سال کی پابندی کے ساتھ ساتھ یوئیفا کی جانب سے 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ یوئیفا کے زیر اہتمام کسی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔پابندی کے باعث مانچسٹر سٹی کو نئے کھلاڑیوں کو سائن کرنے کے ساتھ ساتھ چند سپر اسٹارز کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، کوچ پیپ گارڈیولا کے معاہدے کی توسیع میں بھی انہیں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

ادھر مانچسٹر سٹی نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے خامیوں سے بھرپور قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ فیصلہ یوئیفا نے شروع کیا، یوئیفا نے ہی تفتیش کی اور یوئیفا نے فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم شفاف فیصلے اور غیرجانبدار تحقیقات کے لیے کھیلوں کی عالمی عدالت سے رابطہ کریں گے تاکہ انصاف حاصل کر سکیں۔
وقت اشاعت : 16/02/2020 - 18:15:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :