پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں اور مہمانوں کو سٹیٹ گیسٹس کا درجہ دے دیاگیا

پیر 17 فروری 2020 17:44

پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں اور مہمانوں کو سٹیٹ گیسٹس کا درجہ دے دیاگیا
ملتان ۔17فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) وفاقی حکومت نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں اور مہمانوں کو سٹیٹ گیسٹس کا درجہ دے دیا ہے ،غیر ملکی سکیورٹی کنسلٹنٹس، براڈ کاسٹرز اور میڈیا پرسنز کو بھی سٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہو گا جبکہ ٹیموں کا غیر ملکی سپورٹنگ سٹاف بھی سٹیٹ گیسٹس میں شامل ہوگا۔

مہمانوں کو سٹیٹ گیسٹس کا درجہ ملنے کے بعد ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے میچوں کے انتظامات کی نگرانی خود سنبھال لی ہے،ہائی پروفائل ایونٹ پی ایس ایل کے ملتان میں کھیلے جانیوالے میچوں کے انتظامات جاری ہیں۔ ان میچز میں جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ ایک عشرہ سے زائد عرصہ بعد غیر ملکی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ملتان کرکٹ سٹیڈیم کے منیجر مدثر اقبال تارڑ اور انکی ٹیم کرکٹ اسٹیڈیم کی چمک دمک بڑھانے کے لیے سرگرم ہے۔

میچز کے دوران ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے دونوں پولین کو نکھارا جارہا ہے ،مختلف انکلوژرز میں تماشائیوں کی نشستوں کو پینٹ کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ نئے اگنے والی گرین گراس نے اسٹیڈیم میں سبز مخمل کی چادر بچھا دی ہے،اسٹیڈیم کے اندر پی ایس ایل فائیو کی برینڈنگ کا عمل بھی شروع ہے ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا سکواڈ روزانہ کی بنیاد پراسٹیڈیم کی صفائی ودھلائی میں مصروف ہے،اسٹیڈیم کی پرانی سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ اور نئی لائن بچھانے کا کام بھی جاری ہے۔

گزشتہ روز وہاڑی روڈ سے اسٹیڈیم جانے والی سٹریٹ لائٹس بحال کر دی گئی ہیں اور ڈے اینڈ نائٹ میچوں کے دوران اسٹیڈیم کو جگمگانے کے لیے فلڈ لائٹس بھی فنکشل ہیں۔ میچوں کے دوران تمام محکموں کا ڈیوٹی روسٹر ترتیب دے دیا گیا ہے جبکہ زخمی ہونے کی صورت کھلاڑیوں اور تماشائیوں کوفوری طبی امداد فراہم کرنے کے اسٹیڈیم میں 10 بیڈز پر مشتمل ہسپتال قائم کرنے کے انتظامات مکمل ہیں۔علاوہ ازیں کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں قریب واقع مختار اے شیخ ہسپتال اور ابن سینا ہسپتال کی خدمات حاصل کر لی گئیں ہیں دوسری طرف پولیس نے بھی فول پروف سکیورٹی پلان بھی تشکیل دے دیاہے۔
وقت اشاعت : 17/02/2020 - 17:44:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :