سیاست میں آکر پیسہ اور محلات بنانیوالوں کا کوئی مستقبل نہیں ،وزیر اعظم عمران خان

ملک و قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں، ملک میں سفارش اور کر پشن کے کلچر کوجڑوں سے ختم کر یں گے،ایجوکیشن سیکٹر میں بھی میرٹ کو100فیصد یقینی بنایا جائیگا،پاکستانی نوجوانوں نے تاریخ میں پہلی بار کبڈی کا چیمپئن بن کر نئی تاریخ رقم کرد ی ہے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کا یونیورسٹی آف لاہور کے کانووکیشن سے خطاب

منگل 18 فروری 2020 00:04

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ سیاست میں آکر پیسہ اور محلات بنانیوالوں کا کوئی مستقبل نہیں ،تاریخ میں ایسے لوگوں کا نام ونشان نہیں ہوگا ،عہدے اور اقتدار کا مقصد صرف ملک و قوم کی بھلائی ہونا چاہیے، وزیر اعظم عمران خان ملک و قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں، ملک میں سفارش اور کر پشن کے کلچر کوجڑوں سے ختم کر یں گے،محنت اور ایمانداری سے کام کرنے والے کو آگے بڑھنے سے نہیں کوئی روک سکتا، ایجوکیشن سیکٹر میں بھی میرٹ اور شفافیات کو100فیصد یقینی بنایا جائیگا۔

وہ سوموار کے روز یونیورسٹی آف لاہور کے 10ویں کانووکیشن سے خطاب سے کر رہے تھے ۔ اس موقع پرگور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور، وائس چانسلر یونیورسٹیز آف ہیلتھ سائنس پروفیسر جاوید اکرم،چیئر مین بورڈ آف گور نر ز اویس رائوف ،ڈاکٹر مجاہد کامران،فرزانہ رائوف اور ایم اے رائوف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت صرف میرٹ کو تر جیح دی رہی ہے اور پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز سمیت تمام تقر ریاں میرٹ کے مطابق ہورہی ہیں، سفارشی کلچر کی وجہ سے پاکستان کو پہلے ہی بہت نقصان ہوچکا ہے ،اب کسی قسم کی سفارش اورناانصافی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ،وزیر اعظم عمران خان کا ویژن پاکستانی طلبا کو بین الاقوامی سطح پر کامیاب دیکھنا ہے، تعلیم یافتہ اور صحت مند معاشر ے ہی ترقی کرتے ہیں، حکومت ملک میں سستی و معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کام کر رہی ہے، نوجوان پاکستان کا سر مایہ ہیں، ان کو روزگارکی فراہمی سمیت دیگر وعدوں کو پورا کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ فارغ التحصیل ہونیوالے طلبا جس بھی شعبہ میں جائیں وہاں انسانیت کی خدمت کر یں اور اپنے پیارے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر یں کیونکہ عہدے اور طاقت ملنے کے بعد ملک قوم کیلئے آپ کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے جو لوگ سیاست سمیت کسی بھی شعبے میں آکر انسانیت کی خدمت کی بجائے صرف پیسہ اور محلات بناتے ہیں تباہی ایسے لوگوں کو مقدر ہوتی ہے، تاریخ میں صرف وہ ہی لوگ زندہ رہتے ہیں جو انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ الحمد اللہ آج پاکستانی پوری دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، لاہور میں پاکستانی نوجوانوں نے تاریخ میں پہلی بار کبڈی کا چیمپئن بن کر نئی تاریخ رقم کرد ی ہے، سپورٹس کے میدان میں جب بھی پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوتا ہے تو پاکستان کی کامیابی کا مزہ دوگنا ہوجاتا ہے۔ گو رنر پنجا ب نے کہا کہ کوئی شک نہیں اگرآپ محنت اور متحد ہو کر کسی بھی شعبہ میں مقابلہ کر یں تو کامیابی آپ کے قدم چومتی ہے ۔ کانووکیشن میں1920فارغ التحصیل طلبا کو ڈگر یاں ،میڈلز اور تمغوں سے نوازگیااور گور نر پنجاب نے پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز سے نوازا۔
وقت اشاعت : 18/02/2020 - 00:04:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :