کم کلسٹرز کی 8 سال بعد ٹینس کورٹس میں واپسی، ڈبلیو ٹی اے دبئی اوپن ٹیس ویمنز سنگلز ابتدائی رائونڈ میں شکست

منگل 18 فروری 2020 10:10

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) بیلجیئم کی نامور ٹینس سٹار اور چار گرینڈ سلام چیمپئن کم کلسٹرز 8 سال کے بعد دوبارہ ٹینس کورٹس میں جلوہ گر ہوئیں، 36 سالہ کم کلسٹرز کا ڈبلیو ٹی اے دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے ابتدائی رائونڈ میں ہسپانوی ٹینس سٹار گاربین موگوروزا سے تھا جس میں ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

دبئی میں جاری ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز رائونڈ 32 میچ میں سپین کی گاربین موگوروزا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بیلجیئم کی کم کلسٹرز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 7-6(8-6)سے ہرا دیا۔ کم کلسٹرز نے آٹھ سالوں میں اپنے پہلے ڈبلیو ٹی اے میچ میں ایک نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کلسٹرز نے پہلی مرتبہ 2007ء میں انٹرنیشنل ٹینس کو خیرباد کہہ دیا تھا تاہم دو برس بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا تھا اور تین مزید گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کئے۔

(جاری ہے)

2012ء میں انہوں نے دوبارہ انٹرنیشنل ٹینس سے کنارہ کشی اختیار کر لی لیکن اب 8 برس بعد انہوں نے دوبارہ ٹینس کورٹس میں شرکت کی ہے۔ کلسٹرز نے اپنے بیان میں کہا کہ سرینا ولیمز اور وکٹوریہ آزارینکا کو ماں بننے کے بعد بھی عمدہ پرفارم کرتے ہوئے دیکھ کر مجھے بہت حوصلہ ملا ہے، اس عمر میں میرے لئے بلاشبہ یہ ایک بڑا چیلنج ہے تاہم میں عمدہ پرفارم کرنے کیلئے خوب محنت کروں گی۔ واضح رہے کہ کلسٹرز کو 4 گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے علاوہ 41 ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 18/02/2020 - 10:10:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :