اپنی کارکردگی سے ملتان سلطانز کو کامیابیاں دلوانے کی کوشش کرونگا: شاہد آفریدی

بطور کھلاڑی بھی میری بہت ذمہ داری ہے، کپتان شان مسعود اور کوچ کو مجھ سے توقعات ہیں: آل راؤنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 فروری 2020 12:40

اپنی کارکردگی سے ملتان سلطانز کو کامیابیاں دلوانے کی کوشش کرونگا: شاہد آفریدی
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری 2020ء )  قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کپتان شان مسعود کو بھرپور سپورٹ کرنے کا عزم ظاہر کردیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آل راؤنڈر نے کہا کہ ملتان سلطانز کا کمبی نیشن بہت اچھا اور ٹیم میں کئی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں،امید ہے کہ ہم پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ میں مینٹور ہونے کے بارے میں نہیں سوچتا، بطور کھلاڑی بھی میری بہت ذمہ داری ہے، کپتان شان مسعود اور کوچ کو مجھ سے توقعات ہیں، میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش اورشان کو بھرپور سپورٹ کروں گا، وہ اچھی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں، امید ہے کہ بطور کپتان کامیاب رہیں گے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل کی اہمیت نظر انداز نہیں کی جا سکتی، اس سے پاکستان کو مستقبل کے سٹارز میسر آئے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہوگا جسکے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیںگے۔ 2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔

لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پی ایش ایل کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیںگے۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جائیںگے، ابتدائی میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔ لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں اور اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہیں۔

لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں۔
وقت اشاعت : 18/02/2020 - 12:40:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :