نسیم شاہ کو پہلے دو میچز میں آرام دیا جائے، پی سی بی میڈیکل پینل کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو پیغام

پیسر کو پہلے میچز میں آرام ملا تو وہ پورے ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب ہونگے:پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 فروری 2020 15:05

نسیم شاہ کو پہلے دو میچز میں آرام دیا جائے، پی سی بی میڈیکل پینل کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو پیغام
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے میڈیکل پینل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پسلیوں کی تکلیف کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے ابتدائی دومیچوں میں نہ کھلایا جائے- پی سی بی میڈیکل پینل کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے نیشنل سٹیڈیم میں جمعرات اور اتوار کو پی ایس ایل کے دو میچ کھیلنا ہیں اور کراچی میں اس وقت گرمی زیادہ ہونے کے باعث اگر نسیم شاہ نے زیادہ زور لگایا تو ان کی انجری مزید شدید ہوسکتی ہے،پیسر کو پہلے دو میچز میں آرام دیا جائیگا تو وہ پورے ٹورنامنٹ کیلئے دستیاب ہوںگے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے فزیو نے اتوار کو نسیم شاہ سے5 اوورز کرائے اور انہوں نے بغیر کسی تکلیف کے بولنگ کی تاہم فرنچائز انتظامیہ پی سی بی میڈیکل پینل کی تجویز کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ کے منیجر اعظم خان کاکہنا تھا کہ نسیم شاہ کی فٹنس کے حوالے سے خدشات بے بنیاد ہیں، وہ نیٹ پر مسلسل بولنگ کررہے ہیں اور پریکٹس میچ میں انہیں جان بوجھ کر آرام دیا گیا ۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کیخلاف پنڈی ٹیسٹ کے آخری دن نسیم شاہ کوجان بوجھ کر بولنگ نہیں کرائی تھی اور وہ پی ایس ایل میں بولنگ کرانے کیلئے فٹ ہیں۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کر کے کم عمر ترین بولر کا اعزاز پانے والے نسیم شاہ سے میچ کے اختتام پر رمیز راجہ نے فٹنس سے متعلق سوال کیا تو بولر نے بتایا کہ معمولی انجری ہے ایک دو دن میں ٹھیک ہو جائیگی۔
وقت اشاعت : 18/02/2020 - 15:05:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :