لاہور پریس کلب کی جانب سے کبڈی ورلڈکپ کی فاتح پاکستانی ٹیم اور آفیشلز کے اعزازمیںاستقبالیہ

کبڈی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں منعقد ہونا ، بھارت سمیت آٹھ ممالک کی ٹیموں کا شرکت کرنا بڑی کامیابی ہے،چوہدری شافع حسین

بدھ 19 فروری 2020 21:56

لاہور۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کی جانب سے ورلڈ کپ کبڈی کی پاکستانی فاتح ٹیم کے اعزازمیںاستقبالیہ دیاگیا جس میںپاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین ،نائب صدر محمد رمضان گھمن، جنرل سیکرٹری محمد سرور رانا، فنانس سیکرٹری اصغر عباس خواجہ،ایسوسی ایٹ سیکرٹری رائے سعود احمد کھرل،فنانس سیکرٹری حسن رضا خواجہ، جوائنٹ سیکرٹری رانا امجد اقبال،پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان محمد عرفان جٹ،نائب کپتان محمد شفیق چشتی،کھلاڑی ملک بنیامین،وقاص بٹ،بلال محسن،کلیم اللہ جٹ ،شہزاد اکمل ڈوگر ، لالہ عبید اللہ، شرام ساجد بھٹو، نفیس شاہد گجر، سجاد احمد گجر، مشرف جاوید، قمر زمان بٹ ،ارسلان محود، ظفر اقبال، ملک راشد، محمد خالد بھٹی، ذوالقرنین، توصیف علی وڑائچ ،ساجد نثار گجر، منیجر کبڈی ٹیم محمد رزاق گل،اسسٹنٹ مینجر کبڈی ٹیم محمد عامر، ہیڈ کوچ طاہرجٹ ،کوچ فریاد علی اور اسسٹنٹ کوچ شہزاد چشتی کے علاوہ دیگر ِآفیشلزنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری بابرڈوگر، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، ممبر گورننگ باڈی حسنین چوہدری، حسن تیمور جکھڑ، طارق محمودمغل نے معزز ممبران کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ صدر ارشد انصاری نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں تمام ممبران پریس کلب کی جانب سے معززمہمانوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتاہوں اور یہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آج ہمارے درمیان پاکستان کا تمام دنیا میں روشن کرنے والی کبڈی ٹیم اور اس کے آفیشلز موجود ہیں جنھوں نے روایتی حریف بھارت کو فائنل میں شکست دے کر تاریخ میں پاکستان کانام سنہری حروف میں درج کردیاہے ، پاکستان کبڈی ٹیم کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز ہمارے سروں کا تاج ہیں اور ہمارا فخر ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جس طرح میڈیانے ٹورنامنٹ کے دوران ہماری کوریج کی اور ہمیں پروموٹ کیا، اس سے ہماری ٹیم کا بہت بلند ہوگیا ، ہم نے بھارتی سورمائوں سمیت تمام مدمقابل آٹھ بین الاقوامی ٹیموں کو شکست فاش دی، میں ذاتی حیثیت میں سمجھتاہوں کہ جیت کی اصل وجہ ہماری محنت کے ساتھ ساتھ قوم کی دعائیں ہیں جس کے باعث آج ہم سرخرو ہوئے ہیں ۔

انہوں نے تمام میڈیاکاشکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہاکہ کبڈی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں منعقد ہونا اور اس میں بھارت سمیت آٹھ ممالک کی ٹیموں کا شرکت کرنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس سے تمام دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج گیاہے،یہ بات ملک کے تمام کھیلوں کے لئے بہت مفید ثابت ہوگی اور جلد دنیاایک مرتبہ پھر پاکستان میں خود کو محفوظ سمجھتے ہوئے بلاجھجک آئے گی ۔

اس موقع پر میڈیا سے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے دیگر آفیشلز نے بھی گفتگوکی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔صدر ارشد انصاری نے اس موقع پرکہاکہ وہ خود کبڈی کا فائنل میچ دیکھنے گئے اور جس طرح پنجاب سٹیڈیم کھچاکچھ بھراہواتھا ،اگر یہ فائنل میچ اس سے بھی بڑے سٹیڈیم میں منعقد ہوتاتو وہ بھی اس طرح بھرجاتا ، میں سمجھتاہوں کہ اس میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی انتھک محنت اور قوم کی دعائیں شامل ہیں ، انہو ں نے کہا کہ میں تمام پریس کلب کی جانب سے حکومت سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں شمولیت اختیارکرنے والوں کو اعلی سرکاری اعزازات کے ساتھ ساتھ روایت کے مطابق گھر وں جیسی سہولت بھی فراہم کرے۔

تقریب کے اختتام پر کبڈی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈز اور میڈلز دیئے گئے۔
وقت اشاعت : 19/02/2020 - 21:56:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :