پی ایس ایل کے دلچسپ مقابلوں کا منتظر ہوں، لیوک رونکی

اسلام آباد یونائٹیڈ کو ایک اچھا اسکواڈ اور کھلاڑیوں کا بہترین کور گروپ ملا ہے جو بہت ہی دلچسپ ہو گا، انٹرویو

بدھ 19 فروری 2020 23:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور پی ایس ایل ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی و کوچ لیوک رونکی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے دلچسپ مقابلوں کا منتظر ہوں۔ایک انٹرویو میں رونکی نے کہا کہ ان کی ٹیم کو کھلاڑیوں کا ایک اچھا کور گروپ ملا ہے اور ان کا ہدف ٹورنامنٹ میں زیادہ سے زیادہ آگے جانے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو ایک بھی میچ نہیں ہوا، لہٰذا انتظار کریں اور دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے لیکن ظاہر ہے کہ ہدف یہ ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے آگے جانا ہے اور جیتنا ہے۔ رونکی نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کو ایک اچھا اسکواڈ اور کھلاڑیوں کا بہترین کور گروپ ملا ہے جو بہت ہی دلچسپ ہو گا۔لیوک رونکی دو ہزار اٹھارہ اور دو ہزار انیس میں اسلام آباد کی جانب سے کھیل چکے ہیں، دو ہزار اٹھارہ کے ایڈیشن میں انہوں نے ٹاپ اسکورر رہتے ہوئے ٹیم کو دوسرا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

دو سال تک ایک کھلاڑی کے کردار میں رہنے کے بعدرونکی کے پاس اب اسسٹنٹ کوچ کی اضافی ذمہ داری بھی ہے،اپنی دوہری ذمہ داریوں کے بارے میں لیوک رونکی نے کہا کہ ان کا بنیادی کردار پلیئر کا ہی ہے اور بعد میں ساتھی کرکٹرز کی رہنمائی کرنا ہے تاکہ مشترکہ طور پر ایک ایسی حکمت عملی ترتیب دی جاِئے جس سے ٹیم فتحیاب ہوسکے۔ایک سوال کے جواب میں لیوک رونکی نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے سارے میچز ہونا خوشی کی بات ہے اور وہ راولپنڈی میں ہوم وینیو پر مقامی مداحوں کے سامنے میچز کے لیے بے تاب ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پر ہجوم گراؤنڈز میں کھیل پر پلیئرز بھی انجوائے کرتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر نے شاداب خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی بات ہے کہ اسی سسٹم سے ابھرتے ہوئے کرکٹر کو اب ٹیم میں کپتان کا کردار مل گیا ہے جس سے شاداب کو اپنا کھیل بہتر کرنے میں بھی مدد میں مدد ملے گی۔
وقت اشاعت : 19/02/2020 - 23:47:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :