ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا باضابطہ آغاز (آج) سے آسٹریلیا میں ہوگا، 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی، ابتدائی میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، میگا ایونٹ میں فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا

جمعرات 20 فروری 2020 10:55

سڈنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا باقائدہ آغاز (آج) جمعہ سے آسٹریلیا میں ہوگا، میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ عالمی کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی، میزبان ویمن ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی، میگا ایونٹ میں فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ساتواں ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کل جمعہ سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا جس میں دنیائے کرکٹ کی دس ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہونگی۔

(جاری ہے)

دس ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ کے 23 میچز کی میزبانی کینبرا، میلبورن، پرتھ اور سڈنی کو دی گئی ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ میلبورن کرکٹ سٹیڈیم میں ایک لاکھ 24 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے گروپ اے میں میزبان آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، پاکستان اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔

میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ (آج) دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کینبرا کے مقام پر کھیلے گی۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 28 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کینبرا میں کھیلے گی، تیسرا میچ یکم مارچ کو جنویی افریقن ٹیم کے خلاف سڈنی کے مقام پر کھیلے گی جبکہ چوتھے اور آخری میچ میں 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف سڈنی کے مقام پر نبرد آزما ہوگی۔

ہر ٹیم اپنے اپنے گروپ میں چار چار میچز کھیلے گی جس کے بعد دونوں گروپوں سے چار ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کرینگی۔ میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل میچز 5 مارچ کو کھیلے جائیں گے، دونوں میچز سڈنی کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا فائنل میچ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کھیلا جائے گا جو 8 مارچ کو میلبورن کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

بین الاقوامی سطح پر حال ہی میں کامیاب ٹرائلز کے بعد میگا ایونٹ میں پہلی بار فرنٹ فٹ نو بال ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ اس کے نتیجے میں تھرڈ ایمپائر رواں ماہ آسٹریلیا میں شروع ہونے والے آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہر گیند کیلئے فرنٹ فٹ لینڈنگ پوزیشن کی نگرانی کرے گا۔ آن فیلڈ ایمپائرز اگلے حصے پر کسی بھی بال پر فوکس نہیں کریں گے جب تک کہ تیسرے ایمپائر کے ذریعہ ایسا کرنے کا مشورہ نہ دیا جائے، اگر کوئی بال نہیں دیکھا گیا تو وہ فوری طور پر بات چیت کرے گا تاہم آن فیلڈ ایمپائر اب بھی دوسری قسم کی نو بال کو کال کرنے کا ذمہ دار ہوں گے۔
وقت اشاعت : 20/02/2020 - 10:55:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :