عمر اکمل کو پی ایس ایل 5 سے معطل کرنے کی وجہ سامنے آگئی

کرکٹر کی نجی تقریبا ت میں شرکت ، مشکوک افراد سے میل ملاقات کے باعث وہ اینٹی کرپشن کے ریڈار میں آئے، موبائل فون لیکر مزید تحقیقات شروع کر دی گئیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 فروری 2020 12:38

عمر اکمل کو پی ایس ایل 5 سے معطل کرنے کی وجہ سامنے آگئی
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری 2020ء ) قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز عمر اکمل کو کینیڈا میں کھیلی گئی گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ میں ممکنہ طور پر فکسنگ کرنے کے الزام میں معطل کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کینیڈا گلوبل ٹی 20 میں شرکت کے حوالے سے عمر اکمل نے سابق ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر پر فکسنگ پیشکش کا الزام لگایا تھا جس پر ان سے بھی پوچھ گچھ ہوئی لیکن عمر اکمل کے گرد گھیرا تنگ ہوتا گیا، اس کی خاص وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ عمر اکمل کی نجی تقریبا ت میں شرکت اور مشکوک افراد سے میل ملاقات کے باعث وہ اینٹی کرپشن کے ریڈار میں آئے،پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکار گزشتہ رات نجی ہوٹل پہنچے تھے جہاں عمر اکمل اہل خانہ کیساتھ موجود تھے ، پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکاروں نے عمر اکمل سے رات بھر تحقیقات کیں اور ان کے دونوں موبائل فونز بھی قبضے میں لیکر اس میں موجود نمبرز سے رابطوں کے حوالے سے سوال جواب کیے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی سی بی اہلکاروں نے تحقیقات کے دوران ایک اور مشکوک شخص سے پوچھ گچھ کی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن اہلکاروں نے چیئر مین احسان مانی اور سی او او وسیم خان کو اس کیس کی تحقیقات کے حوالے سے بریف کردیا ہے اور عمر اکمل کے خلاف مضبوط شواہد سامنے آنے کے بعد ہی پی سی بی نے پی ایس ایل کے آغاز سے محض چند گھنٹے قبل انہیں معطل کرنے کا اعلان کیا۔معطل کرکٹر کے بھائی کامران اکمل نے موقف دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہوا، پی سی بی ہی بتا سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 20/02/2020 - 12:38:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :