پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کرکٹ میلہ، لاہو رپولیس کا سکیورٹی پلان تشکیل

10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے

جمعرات 20 فروری 2020 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کرکٹ میلہ کے موقع پر لاہور پولیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔پی ایس ایل میچز کے دوران مجموعی طور پر10ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات ہونگے۔تفصیلات کے مطابق 16ایس پیز، 34 ڈی ایس پیز، 103 انسپکٹرز و ایس ایچ اوز، 515 اًپر سب آرڈینیٹس ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعیدنے کہا ہے کہ لاہور پولیس پاکستان سپر لیگ کے ایک ماہ پر محیط تمام میچز اور پریکٹس سیشنز میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اورشائقین کوبھرپورسکیورٹی فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیموںاور میچز کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے لئے پہلے سے بہتر لائحہ عمل تشکیل دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رائے بابر سعید نے کہا کہ پی ایس ایل کاپرُ امن انعقاد یقینی بنانے کے لئے متعلقہ افراد سے ضمانتی مچلکے بھی لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ میچز کے دوران تاجروں اور ٹریڈرز کا کاروبارکم سے کم متاثرہو جبکہ شہریوں کوبھی زیادہ دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے مزید کہا کہ اس بار میچز کے دوران پبلک سے متعلقہ مسائل کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جائے گی جس کے تحت مین بلیوارڈگلبرگ سمیت متعلقہ روٹس کو صرف ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ہی انتہائی کم وقت کے لئے بند کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کے لئے متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ میں ہیں۔رائے بابر سعیدنے کہا کہ ٹیموں کی قیام گاہ، روٹس اور قذافی سٹیڈیم کے گرد و نواح میں سرچ اینڈسویپ آپریشنزبھی باقاعدگی سے جاری ہیں۔میچز کے دوران ڈولفن سکواڈ، ایلیٹ اورپولیس ریسپانس یونٹ ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔

ٹیموں کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹیموں اور سٹیڈیم کے اطراف میں مسلسل مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائیگی۔رائے بابر سعید نے کہا کہ شائقین کرکٹ کے لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لئے لاہور پولیس سے تعاون کریں۔ممنوعہ اشیاء سٹیڈیم میں لانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
وقت اشاعت : 20/02/2020 - 22:49:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :