پی ایس ایل5، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 169رنز کا ہدف دیدیا

ڈیوڈ مالان کی نصف سنچری،حسنین کے 4 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 فروری 2020 23:07

پی ایس ایل5، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 169رنز کا ہدف دیدیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری2020ء ) پاکستان سپرلیگ کے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے169 رنز کا ہدف دیدیاہے۔نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپرلیگ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی پہلی ہی گیند پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے وکٹ حاصل کر لی،محمد نواز کی جانب سے کرائی گیند پر کولن منرو انہی کو واپس آسان کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے،اس کے بعد لیوک رونکی اور ڈیوڈ ملان نے جارحانہ انداز اپنایا اور دوسری وکٹ کے لیے 37رنز کی شراکت قائم کی، رونکی نے سہیل خان کو ایک اوور میں چھکا اور چوکا لگایا لیکن ایک اور چوکا لگانے کی کوشش میں وہ پوائنٹ پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 13 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 23رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ ملان اور حسین طلعت نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے جس کے بعد حسین طلعت محمد حسنین کی گیند پر 19 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، کولن انگرام بھی صرف 6 رنز بناسکے،ڈیوڈ مالان 64 رنز بنانے کے بعد بین کٹنگ کا شکار بنے، آصف علی کی باری 19 رنز تک محدود رہی ،شاداب خان بھی صرف 6 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،فہیم اشرف 20 رنز بنا کر حسنین کی تیسری وکٹ بنے جنہوں نے موسی کو پوویلین بھیج کر چوتھی وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2 مرتبہ2016ء اور2018ء میں ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔دونوں ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر لیگ کے 9 میچوں میں مدمقابل آچکی ہیں جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
وقت اشاعت : 20/02/2020 - 23:07:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :