پی ایس ایل 5،عمر اکمل کا بکی سے ملنے کا اعتراف

اینٹی کرپشن یونٹ نےعمر اکمل کو موبائل ریکارڈنگ کے ذریعے پکڑا،پی سی بی کو اطلاع نہ دینے پر معطل کیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 فروری 2020 11:57

پی ایس ایل 5،عمر اکمل کا بکی سے ملنے کا اعتراف
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21فروری2020ء ) ٹیسٹ کرکٹر عمراکمل کی معطلی کی وجوہات سامنے آ گئیں، انہوں نے بکی سے ملنے کا اعتراف کر لیا،اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کو موبائل ریکارڈنگ کے ذریعے پکڑا، پی سی بی کو اطلاع نہ دینے پر معطل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر عمر اکمل نے بکی سے ملاقات اور آفر کا اقرار کر لیا، انٹی کرپشن ٹیم کے سامنے سب کچھ اگل دیا۔

عمر اکمل نے ٹیم کو بتایا کہ میچ فکسنگ کی آفر ایک نجی محفل میں دی گئی۔ ٹیم نے عمر اکمل سے سوال کیا کہ آفر سے متعلق پی سی بی یا اینٹی کرپشن یونٹ کو کیوں نہیں بتایا، عمر اکمل اینٹی کرپشن اہلکاروں کے اس سوال پر ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے۔واضح رہے کہ عمر اکمل کے ماضی میں بھی سکینڈل سامنے آچکے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عمر اکمل کی بکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے، جس کے بعد ہی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت انہیں معطل کیا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں لہٰذا اس واقعے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔ اس تمام صورتحال کے بعد عمر اکمل کو جمعرات کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی سے لاہور روانہ کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ کوئٹہ کی ٹیم میں آل راؤنڈر انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 21/02/2020 - 11:57:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :