پی ایس ایل 5،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو5 وکٹوں سے ہرا دیا

کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان کی شاندار بلے بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 23 فروری 2020 18:02

پی ایس ایل 5،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو5 وکٹوں سے ہرا دیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو5وکٹوں سے ہرا دیا ۔ 157رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو شین واٹسن اور جیسن روئے نے اپنی ٹیم کو 41رنز کا آغاز فراہم کیا۔واٹسن اچھی فارم میں نظر آئے لیکن ایک موقع پر دو رنز لینے کی کوشش میں وہ رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے،اگلے ہی اوور میں چھکا مارنے کی کوشش میں احمد شہزاد جورڈن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

ٹیم کی نصف سنچری مکمل ہوئی تو مستقل جدوجہد کرنے والے جیسن روئے ایک رن لینے کی کوشش میں بلا گراؤنڈ نہ کر سکے اور رن آؤٹ قرار پائے، اعظم خان اور کپتان سرفراز احمد وکٹ پر اکٹھا ہوئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑی چوتھی وکٹ کے لیے 85رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے، اس دوران ارشد اقبال کے ایک اوور میں بنائے گئے 17رنز نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

اعظم نے ایک مرتبہ پھر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 30گیندوں پر 46رنز کی اننگز کھیلی لیکن ایک غلط فہمی کے نتیجے میں ان کی اننگز بھی رن آؤٹ کی شکل میں اختتام کو پہنچیجب کہ نواز بھی جورڈن کی وکٹ بن گئے۔19ویں اوور میں انور علی نے چوکا اور پھر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایک اوور قبل ہی فتح سے ہمکنار کرادیا، سرفراز احمد 37رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

اس میچ میں 5وکٹوں سے فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔۔۔کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو بابر اعظم کے ساتھ شرجیل خان میدان میں اترے۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 31رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم گزشتہ میچ کے برعکس ابتدائی اوورز میں کراچی کنگز کے بلے بازوں کو زیادہ کھل کر بیٹنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

میچ کے دوران اس وقت ایک تنازع کھڑا ہوا جب نسیم شاہ کی گیند پر بابر اعظم کے خلاف کیچ کا تنازع کھڑا ہوا۔گلیڈی ایٹرز نے بابر کے خلاف کیچ کی اپیل کی لیکن امپائر کی جانب سے آؤٹ نہ دیے جانے پر ریویو لے لیا تاہم اس اصل ڈرامائی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب امپائر نے کافی دیر انتظار کے باوجود اسنیکو ٹیکنالوجی دستیاب نہ ہونے پر شک کا فائدہ بلے باز کو دیتے ہوئے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔

اس مرحلے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور سٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا جبکہ سرفراز نے بھی معاملے پر امپائرز سے کافی بحث کی لیکن فیصلہ تبدیل نہ ہوا۔ اگلے اوور میں ٹائمل ملز نے بابر اعظم کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم پہلی کامیابی دلا دی، بابر نے آؤٹ ہونے سے قبل 26رنز بنائے۔شرجیل خان پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور 12گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

ایلکس ہیلز نے ایک اینڈ سے اطمینان سے بیٹنگ کی لیکن دوسرے اینڈ سے کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور اس دوران وہ آؤٹ ہونے سے بھی بال بال بچے جب باؤنڈری پر سہیل خان ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے اور وہ باؤنڈری کے پار چلی گئی،تاہم وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور اگلے اوور میں چھکا مارنے کی کوشش میں سہیل خان کی گیند پر نواز کو کیچ دے بیٹھے جبکہ اگلے اوور میں حسنین کی کاوش سے چیڈوک والٹن بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

کراچی کنگز کو مشکل وقت میں ایلکس ہیلز سے بڑی اننگز کی امید تھی لیکن وہ بھی صرف 29رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی وکٹ بن گئے،گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے کپتان عماد وسیم بھی اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 8رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔کرس جورڈن نے ٹائمل ملز کو ایک چوکا اور چھکا لگایا لیکن 150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

عمید آصف نے اننگز کے آخری اوور میں محمد حسنین کو لگاتا دو چوکے لگائے لیکن تیسری گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے، افتخار احمد نے 25رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ٹائمل ملز نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہم نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور محمد رضوان کی جگہ ایلکس ہیلز کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کنگز ایک اچھی ٹیم ہے جس میں بابر اعظم جیسے کھلاڑی موجود ہیں اور ہم انہیں کم سے کم رنز پر آؤٹ کر کے ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج تین غیرملکی کھلاڑیوں سے کھیل رہے ہیں اور ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

سرفراز نے بتایا کہ گلیڈی ایٹرز میں احسان علی کی جگہ نسیم شاہ اور فواد احمد کی جگہ انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔کراچی کنگز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست دی تھی اور گلیڈی ایٹرز نے بھی ایونٹ کا فاتحانہ انداز میں آغاز کیا تھا لیکن انہیں دوسرے میچ میں پشاور زلمی کے ہاتھوں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
وقت اشاعت : 23/02/2020 - 18:02:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :