جیسن روئے سے الجھنے والے وہاب ریاض پر پابندی لگانے کا مطالبہ

کوئٹہ کی اننگز ختم ہونےکے بعد پیسرنے انگلش بلےبازکو فلائنگ کس کا اشارہ کیا،سرفراز بیٹسمین کی حمایت میں وہاب کی طرف بڑھے اور وہ بھی غصے میں آگے آئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 فروری 2020 12:25

جیسن روئے سے الجھنے والے وہاب ریاض پر پابندی لگانے کا مطالبہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24فروری2020ء ) پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں وہاب ریاض کوئٹہ کے جیسن روئے اور کپتان سرفراز احمد سے الجھ پڑے، سوشل میڈیا پر صارفین نے نامناسب رویہ اپنانے پر وہاب ریاض پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں فاسٹ بولر وہاب ریاض اور جیسن روئے کے درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی، اس موقع پر زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے بیچ بچاؤ کرایا۔

یہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا بلکہ کوئٹہ کی اننگز ختم ہونےکے بعد وہاب ریاض نے انگلش بلے باز جیسن رائے کو فلائنگ کس کا اشارہ کیا تو سرفراز احمد اپنے بیٹسمین کی حمایت میں وہاب کی طرف بڑھے اور وہاب ریاض بھی غصے میں آگے آئے۔اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویوین رچرڈز نے بیچ بچاؤ کروایا اور سرفراز احمد کو روک لیا جبکہ پشاور کی جانب سے کپتان ڈیرن سیمی ایک بار پھر وہاب ریاض کو اپنے ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے وہاب ریاض کو انکے نامناسب رویے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ٹوئٹر پر موجود ایک صارف نے اسے انتہائی شرمناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ان لوگوں کو ہم نے بیرون ملک سے بلوایا ہے اور یہاں ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک کررہے ہیں ،پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اس پر نوٹس لینا چاہئیے۔

ایک اور صارف نے وہاب ریاض پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسن رائے ہمارا مہمان ہے۔ پی سی بی کو چاہیے کہ وہ وہاب ریاض پر پی ایس ایل کھلینے پر پابندی لگائے۔
ایک اور صارف نے وہاب ریاض پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیسن رائے ہمارا مہمان ہے وہاب ریاض کو سنجیدگی اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا، پاکستان کے امیج کو تباہ کرنے کا سلسلہ رکنا چاہیے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی سنچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی ہے۔
وقت اشاعت : 24/02/2020 - 12:25:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :