پاکستان کی نمبر 1 ٹی ٹونٹی پوزیشن مئی تک کے لیے محفوظ ہوگئی

آسٹریلیا کو پاکستان سے پہلی پوزیشن چھیننے کے لیے جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کلین سویپ درکار تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 فروری 2020 13:18

پاکستان کی نمبر 1 ٹی ٹونٹی پوزیشن مئی تک کے لیے محفوظ ہوگئی
پورٹ ایلزبتھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 فروری2020ء) جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں آسٹریلوی ٹیم کو شکست کے بعد پاکستان کی نمبر 1 ٹی ٹونٹی پوزیشن مئی تک کے لیے محفوظ ہوگئی ہے ۔ پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پروٹیز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، کپتان کوئنٹن ڈی کک نے 70 رنزکی دھواں دار اننگز کھیلی، وان ڈر ڈسن 37 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

رچرڈسن نے دو، پیٹ کمنز اور زامپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔ ڈیوڈ وارنر ناقابل شکست 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور سٹیو سمتھ نے 29 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے ۔

(جاری ہے)

عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نگیڈی نے 3 جبکہ کگیسو ربادا، نورٹج اور پریٹریوس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

کوئنٹن ڈی کک کو عمدہ بلے بازی پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان سے ٹی ٹونٹی رینکنگ کی بادشاہت چھیننے کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کرنا تھا تاہم اب اسے دوسری پوزیشن پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا،اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر گرین شرٹس 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ آسٹریلیا کا 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔
وقت اشاعت : 24/02/2020 - 13:18:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :