موسی اکثر کہتا تھا مجھے بھی بیٹنگ کا موقع دیں: شاداب خان کا انکشاف

لاہور کیخلاف میچ میں موسیٰ نے ثابت کر دیا کہ وہ اچھی بیٹنگ بھی کر سکتا ہے: کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 فروری 2020 14:03

موسی اکثر کہتا تھا مجھے بھی بیٹنگ کا موقع دیں: شاداب خان کا انکشاف
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24فروری2020ء ) لاہور قلندزر کے خلاف جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے موسیٰ خان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ اکثر ٹیم انتظامیہ سے کہا کرتے تھے کہ انھیں بھی بیٹنگ کا موقع دیا جائے۔اتوار کے روز پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر موسیٰ خان نے بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کہتے ہیں کہ انتہائی دلچسپ میچ ہوا ، یقین ہے شائقین کو مزہ آیا ہو گا۔شاداب خان نے بتایا کہ موسیٰ خان اکثر کہتا تھا کہ اُنہیں بیٹنگ کا موقع بھی دیں، لاہور کے خلاف میچ میں موسیٰ نے ثابت کر دیا کہ وہ اچھی بیٹنگ بھی کر سکتا ہے،اب ہمیں اسے بیٹنگ کرنے کا موقع دینے کے ساتھ ساتھ بلے بھی دینے ہوں گے کیوں کہ اس کے پاس بیٹ بھی نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں آخری گیند تک کچھ نہیں کہا جا سکتا، اسلام آباد کی آخری وکٹ نے اچھا کھیلا۔سہیل اختر نے مزید کہا کہ ہم بدقسمت رہے اور اس ہار سے مایوسی ہوئی لیکن آگے اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔                                                                           
وقت اشاعت : 24/02/2020 - 14:03:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :