پانچویں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020، میں (آج) دو میچوں کا فیصلہ ہوگا

جمعرات 27 فروری 2020 10:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری پانچویں پاکستان سپر لیگ میں (آج) جمعہ کو دو میچ کھیلے جائیںگے جس کا پہلا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا، یہ میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔ دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، یہ میچ رات 7 بجے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ء کا میلہ ملک بھر میں زور و شور سے جاری ہے جو کراچی اور لاہور سے منتقل ہوکر اب ملتان اور راولپنڈی میں پہنچ چکا ہے۔ راولپنڈی میں بسنے والے کرکٹ کے مداح اور مقامی کھلاڑیوں کے اہلخانہ وفاقی دارالحکومت کا جڑواں شہر کہلانے والے راولپنڈی میں پی ایس ایل کے میچز پر بہت پر جش نظر آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیگ کا دسواں میچ (آج) جمعہ کو ملتان سلطان اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم شان مسعود کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ لیگ کا گیارہواں میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان پنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پشاور زلمی کی کمان ڈیرن سیمی کو سونپی گئی ہے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ لیگ میں شامل 6 ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں، لیگ میں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 27/02/2020 - 10:10:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :