راولپنڈی سٹیڈیم میں سپائیڈر کیمرا استعمال نہ کرنے پر غور

پتنگ کی ڈور سے تین بار کیمرے کی بھاری تاریں کٹ چکیں،میچ کے دوران کیمرہ گرا تو کوئی سانحہ ہوسکتا ہے:براڈ کاسٹرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 فروری 2020 12:05

راولپنڈی سٹیڈیم میں سپائیڈر کیمرا استعمال نہ کرنے پر غور
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27فروری2020ء ) راولپنڈی سٹیڈیم میں تماشائیوں اور کھلاڑیوں کی جانوں کے تحفظ کے لئے پاکستان سپر لیگ میچ کے دوران سپائیڈر کیمرا استعمال نہ کئے جانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ بھاری سپائیڈر کیمرا تاروں کی مدد سے کنٹرول کیا جاتا ہے جو میچ میں گرائونڈ کے اوپر رہتا ہے لیکن پنڈی میں دھاتی ڈور اسکو نقصان پہنچا رہی ہے،اسی ڈور سے کئی شہریوں کی بھی گردنیں کٹ چکی ہیں۔

پی سی بی انتظامیہ، براڈ کاسٹرز ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی میٹنگ کے بعد حتمی فیصلہ آج کیا جائیگا۔ اگر جمعرات کے میچ میں کیمرے کی تنصیب نہ ہوسکی تو پنڈی کے بقیہ میچوں میں بھی اسے استعمال نہیں کیا جائیگا،نئی دہلی میں بھی اسی قسم کی صورتحال کی وجہ سے سپائیڈر کیمرے کے استعمال پر پابندی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے راولپنڈی میں دفعہ144 نافذ ہے اسکے باوجود منچلے شام ہوتے ہی چھتوں پر چڑھ کرپتنگیں اڑا تے ہیں۔

تنصیب کے دوران پتنگ کی ڈور سے تین بار کیمرے کی بھاری تاریں کٹ چکی ہیں جس پر براڈ کاسٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ میچ کے دوران گر گیا تو اس سے کوئی سانحہ ہوسکتا ہے۔ پولیس کوشش کے باوجود پنڈی سٹیڈیم کے اطراف پتنگ اڑانیوالوں کو روکنے میں ناکام رہے ہیں، دو دن میں تین بار تار کٹنے کے بعد سپائیڈرکیمرے کی تنصیب کاکام بھی روک دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنڈی سٹیڈیم میں تمام میچوں کے 90 فیصد ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 27/02/2020 - 12:05:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :