وزیر اعظم عمران خان کے سب سے بڑے حریف کھلاڑی ان سے ملنے پہنچ گئے

غیرملکیوں کی پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھاجائیگا: عمران خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 فروری 2020 13:03

وزیر اعظم عمران خان کے سب سے بڑے حریف کھلاڑی ان سے ملنے پہنچ گئے
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27فروری2020ء ) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گریگ چیپل ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور اور سابق ویسٹ انڈین کپتان سر ویوین رچرڈز اور سابق آسٹریلوی بیٹسمین شین واٹسن نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم ہائوس میں اس دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد ، مالک ندیم عمر یا کوئی کھلاڑی نہیں تھا۔

پی ایس ایل 5دیکھنے اسلام آباد پہنچنے والے گریگ چیپل عمران خان کے ساتھ کرکٹ کھیل چکے ہیں اور ان کا شمار دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔ کوئٹہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ندیم عمر نے گذشتہ سال سے عمران خان سے ملاقات کا وقت مانگا ہوا ہے۔ 67 سالہ سرویوین رچرڈز عمران خان کے بے تکلف دوستوں میں شمار ہوتے ہیں اور عمران خان بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ویوین رچرڈز وہ واحد بلے باز تھے جنہیں بائولنگ کرنے میں انہیں مشکلات پیش آتی تھیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ غیر ملکیوں کی پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سر ویوین رچرڈز نے عمران خان کے ساتھ اپنی یادیں تازہ کیں۔ شین واٹسن نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ان کے لیے اپنے آئیڈیل عمران خان سے ملاقات کرنا یادگار لمحہ تھا جنہوں نے کرکٹ کے میدان اور باہر ایک بہترین زندگی گزاری ہے، سر ویوین رچرڈز ،گریگ چیپل اور عمران خان کی جانب سے ماضی کی یادیں تازہ کرنے کے واقعات سن کر انہیں بہت خوشی ہوئی۔
وقت اشاعت : 27/02/2020 - 13:03:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :