نئی دہلی میں مسلمانوں کے خلاف مظالم نے شاہد آفریدی کو دکھی کردیا

نئی دہلی سے آنیوالی تمام فوٹیج کو دیکھنا اور مسلمانوں کیساتھ غیر انسانی سلوک کرنا بالکل دل دہلانے والا ہے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 فروری 2020 16:52

نئی دہلی میں مسلمانوں کے خلاف مظالم نے شاہد آفریدی کو دکھی کردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27فروری2020ء ) نئی دہلی میں مسلمانوں کے خلاف مظالم نے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو دکھی کردیا- سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’’نئی دلی سے آنے والی تمام فوٹیج کو دیکھنا اور مسلمانوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنا بالکل دل دہلانے والا ہے۔ انسانیت کو مذہب ، ذات پات ، مذہب سے قطع نظر ، سب پر غالب ہونا چاہئے، پوری دنیا کی بہتری کے لیے دعا کرتا ہوں‘‘-
یاد رہے کہ نئی دہلی میں مسلم کش فسادات میں جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہوگئی ہے اور 250 سے زائد زخمی ہیں۔

دہلی کی سڑکوں پر پولیس کی سرپرستی میں انتہا پسند ہندوؤں کا راج ہے۔ مسلح جتھوں نے مسلمانوں کی دکانیں اور گھر نذر آتش کردیے جب کہ متعدد مساجد کو شہید کردیا ہے۔

(جاری ہے)

شہر میں شدید کشیدگی برقرار ہے اور جنگ زدہ علاقے کا منظر پیش کررہا ہے جبکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے اور 4 مسلم اکثریتی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں دکانیں اور دفاتر بند ہیں، امتحانات ملتوی ہوگئے ہیں جبکہ خوف و ہراس کا عالم ہے۔ صورتحال اس قدر خراب ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر حملے ہورہے ہیں۔نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ دہلی ہائی کورٹ نے رات گئے جسٹس ایس مرلی دھر کے گھر پر ایک درخواست کی ہنگامی سماعت کی اور پولیس کو ایمبولینس اور زخمیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کی تھی۔ جواہر لال یونی ورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ اروند کجریوال کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور تشدد کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دہلی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے پانی کی توپ کا استعمال کیا۔ہنگاموں کی کوریج کے دوران این ڈی ٹی وی کے رپورٹرز کو بھی مارا پیٹا گیا اور انہیں روک کر کہا گیا کہ اپنا ہندو ہونا ثابت کرو۔

اس موقع پر پولیس صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ علاوہ ازیں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے فوج بلانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی کی صورتحال تشویشناک ہے، بھارتی پولیس صورتحال قابو نہیں کرپارہی، کرفیو کےنفاذاورفوج کی طلبی کیلئےوزارت داخلہ کو لکھ رہاہوں۔واضح رہے کہ ان فسادات کا آغاز اتوار کو ہوا جب دہلی میں مسلم مخالف متنازع شہریت قانون کے خلاف پرامن دھرنے پر بیٹھے مظاہرین پر مسلح ہندو جتھوں نے حملہ کیا۔
وقت اشاعت : 27/02/2020 - 16:52:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :