ساتویںآئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں (آج) دو میچوں کا فیصلہ ہوگا

جمعہ 28 فروری 2020 11:25

کینبرا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آسٹریلیا میں جاری ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں (آج) ہفتہ کو مزید دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ گروپ اے میں شامل بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈکی ویمن ٹیموں کے درمیان میلبورن میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ بھی گروپ اے کی ٹیموں بھارت اور سری لنکا کے درمیان میلبورن میں ہی کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ساتواں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 عالمی کپ آسٹریلیا میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں آج ہفتہ کو دو میچوں کا فیصلہ ہوگا پہلا میچ گروپ اے میں شامل بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی ٹیم یہ میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی قیادت سوفی ڈیوائن کرینگی جبکہ بنگلہ دیش ویمن ٹیم سلمہ خاتون کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔

دوسرا میچ بھی گروپ اے کی ٹیموں بھارت اور سری لنکا کے درمیان میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم کی قیادت ہرمن پریت کور کریں گی جبکہ سری لنکن خواتین ٹیم کی کمان چماری اتاپتو کو سونپی گئی ہے۔ بھارتی ویمن ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے ۔ بھارتی ٹیم میگا ایونٹ میں تحال ناقابل شکست ہے ۔ سری لنکن ٹیم اب تک دو میچز کھیل چکی ہے اور دونوں میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

میگا ایونٹ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزما ہیں، میزبان ویمن ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں ہے، میگا ایونٹ میں فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ ہر ٹیم اپنے اپنے گروپ میں چار چار میچز کھیلے گی جس کے بعد دونوں گروپوں سے چار ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کرینگی۔ میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل میچز 5 مارچ کو کھیلے جائیں گے، دونوں میچز سڈنی کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی سطح پر حال ہی میں کامیاب ٹرائلز کے بعد میگا ایونٹ میں پہلی بار فرنٹ فٹ نو بال ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
وقت اشاعت : 28/02/2020 - 11:25:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :