پی ایس ایل5 ،علی ظفر کے نئے ممکنہ ترانے کا تنازع عدالت پہنچ گیا

عدالت پی سی بی اور پیمرا کو علی ظفر کے گانے کی ریلیز سے روکنے کے احکامات جاری کرے: درخواست گزار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 فروری 2020 14:39

پی ایس ایل5 ،علی ظفر کے نئے ممکنہ ترانے کا تنازع عدالت پہنچ گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے آفیشل ترانے کا تنازع عدالت پہنچ گیا ہے اور نئے گانے کی ریلیز رکوانے کے لیے مقامی عدالت میں دعویٰ دائر کردیا گیا ہے۔جج کامران کرامت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے گلوکار و اداکارعلی ظفر، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پیمرا سے دو مارچ کو جواب طلب کرلیا۔

عدالت میں میں رانا رضوان نے رانا نعمان ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں پی سی بی ، پیمرا اور علی ظفر کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ پاکستان میں 11 سال بعد کرکٹ کے میدان سجے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی ہے۔ان کے مطابق علی ظفر اور علی عظمت کے گانے کے تنازعے پر پاکستان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے اور دوسرے ترانے سے ہماری کرکٹ بدنام ہوگی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ’تیار ہو‘ کے نام سے پہلے ہی پی ایس ایل 5 کا گانا ریلیز ہو چکا ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پی سی بی اور پیمرا کو علی ظفر کے گانے کی ریلیز سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔                                                                                                                                                        
وقت اشاعت : 28/02/2020 - 14:39:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :