ْآئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ کی مسلسل دوسری فتح، تھائی لینڈ کو 113 رنز سے ہرا دیا

4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن پر براجمان، تھائی لینڈ کی ٹیم 196 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام، لیزیلی لی میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں

جمعہ 28 فروری 2020 14:45

کینبرا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم نے تھائی لینڈ کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے گیارہویں میچ میں بڑے مارجن 113 رنزسے ہرا کر مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔ جنوبی افریقن ٹیم اس فتح کے ساتھ اپنے گروپ بی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہوگئی، لیزیلی لی نے 101 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

سنی لس ناقابل شکست 61 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہی، تھائی لینڈ کی ٹیم 196 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، لیزیلی نے 60 گیندوں پر 3 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے انفرادی 101 رنز بنائے اس عمدہ کارکردگی پر انکو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا کے دارلحکومت کینبرا کے مقام پر کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گیارہویں میچ میں جنوبی افریقن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بناکر تھائی لینڈکی خواتین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 196 رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

لیزیلی نے 60 گیندوں پر 3 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے انفرادی 101 رنز بنائے، سنی لس ناقابل شکست 61 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں، رتنا پوران سولی پوران اور چانیدا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 196 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 82 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ جنوبی افریقن بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث پوری ٹیم میں سے صرف دو کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کر سکیں، اونیچا نے 26 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے شمبنم اسماعیل اور سنی لس نے تین ، تین جبکہ ملابا، ڈین وان نیکرک اور ناڈینی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ یہ جنوبی افریقن ٹیم کی اپنے گروپ بی میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ لیزیلی لی میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
وقت اشاعت : 28/02/2020 - 14:45:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :