پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے ہرا دیا

روسوو کی سنچری، بلاول بھٹی کے3شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 29 فروری 2020 17:47

پی ایس ایل 5، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے ہرا دیا
ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو30رنز سے شکست دیدی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 200 رنز کےہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز جیسن روئے اور شین واٹسن نے ٹیم کو 57رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔شین واٹسن لیگ میں پہلی مرتبہ فارم میں نظر آئے البتہ روئے پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے رہے اور بالآخر 27گیندوں پر 30رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے،شین واٹسن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے احسن علی کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 41رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد احسن 14 اور اعظم خان 6رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،شین واٹسن نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایسا لگتا تھا کہ شائقین کرکٹ کو ایک ہی میچ میں دوسری سنچری دیکھنے کا موقع بھی مل جائے گا لیکن عمران طاہر نے 80رنز بنانے والے واٹسن کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کی فتح کے امکانت روشن کر دیے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی بلے باز اختتامی اوورز میں ملتان سلطانز کی جانب سے کرائی گئی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور وہ مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 169رنز ہی بنا سکے۔ملتان سلطانز نے میچ میں 30رنز سے کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے اور ان کے پوائنٹس کی تعداد 8ہو گئی ہے۔پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے والے رلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز جیمز ونس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو 23رنز کا آغاز فراہم کیا جسکے بعد ذیشان 8رنز بنا کر نسیم شاہ کی وکٹ بن گئے۔ونس اور کپتان شان مسعود نے اسکور کو 40تک پہنچایا ہی تھا کہ انگلش بلے باز کی 6چوکوں سے مزین 29رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ معین علی اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور بین کٹنگ کو چوکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے، رلی روسو میدان میں اترے تو ملتان سلطانز کی ٹیم کو تیزی سے رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن رلی روسو نے میدان میں آتے ہی بازی پلٹ دی۔

نامور جنوبی افریقی بلے باز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 43 گیندوں پر سنچری سکور کر کے پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔انہوں نے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 10چوکے شامل ہیں۔اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ کیمرون ڈیلپورٹ کے پاس تھا جنہوں نے 49گیندوں پر تھری فیگر اننگز کھیلی تھی۔

رلی روسو پاکستان سپر لیگ میں سنچری بنانے والے تیسرے غیرملکی بلے باز ہیں جہاں ان سے قبل کیمرون ڈیلپورٹ اور کولن انگرام بھی پی ایس ایل میں تین ہندسوں کی اننگز کھیل چکے ہیں،رلی روسو کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔اس سےقبل ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ بیٹنگ وکٹ بہت اچھی لگ رہی ہے اور ہم گزشتہ روز اچھی بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ ابھی تک بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے لیکن ہم ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ ہی کرتے۔دونوں ٹیموں نے میچ کے لیے فائنل الیون میں دو، دو تبدیلیاں کی ہیں جہاں سلطانز نے روی بوپارہ کی جگہ جیمز ونس کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ شاہد آفریدی کی جگہ بلاول بھٹی بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔گلیڈی ایٹرز نے ٹائمل ملز کی جگہ انور علی اور احمد شہزاد کی جگہ احسان علی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں ٹاپ پوزیشنز پر موجود ہیں ۔
وقت اشاعت : 29/02/2020 - 17:47:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :