پی ایس ایل5، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 184رنز کا ہدف دیدیا

لیوک رونکی کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 1 مارچ 2020 20:34

پی ایس ایل5، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 184رنز کا ہدف دیدیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ میں دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے184رنز کا ہدف دیا ہے ۔راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس کر وکٹ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔شروع میں جب محمد عامر نے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر کولن منرو کی وکٹ اڑائی تو اسلام آباد کی کشتی ڈگمگاتی نظر آئی لیکن رضوان حسین نے لیوک رونکی کا بھرپور ساتھ دیا لیکن وہ بھی جلد ہی ساتھ چھوڑ گئے، شاداب خان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی لیوک رونکی کا ساتھ جم کر نہیں دے پایا۔

شاداب خان نے نہ صرف خود رنز سکور کیے بلکہ لیوک رونکی کو بھی رنز بنانے کا بھرپور موقع دیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی 85 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، جبکہ کپتان شاداب خان نے 54 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، دونوں ہی ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رضوان حسین نے 22 ، کولن انگرام نے 16 اور کولن منرو نے ایک رن سکور کیا۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم، محمد عامر اور عمر خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے پہلے عماد وسیم نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ گزشتہ روز بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے وکٹ پر ہلکی سی نمی ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے اور ہم اس پر 180-190رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔کراچی کنگز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈیل اسٹین اور رضوان حسین کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔
وقت اشاعت : 01/03/2020 - 20:34:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :