پی ایس ایل5، کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو5 وکٹوں سے شکست دیدی

ایلکس ہیلز کی نصف سنچری،عماد وسیم کی عمدہ اننگز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 1 مارچ 2020 22:25

پی ایس ایل5، کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو5 وکٹوں سے شکست دیدی
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو5وکٹوں سے ہرا دیا۔ 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پہلی وکٹ بابراعظم کی گری جو صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شرجیل خان نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور محض 5 اوورز میں سکور کو 58 رنز تک پہنچایا اور اس دوران انہوں نے ڈیل سٹین جیسے مشہور باؤلرز کو بلند و بالا چھکے بھی لگائے۔

شرجیل خان 58 کے مجموعے پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ سے الیکس ہیلز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو آگے بڑھاتے رہے۔ الیکس ہیلز اور شرجیل خان نے شراکت میں ٹیم کے اسکور کو برق رفتاری سے 58 رنز تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز کے کیمرون ڈیل پورٹ آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جو 38 رنز کی خوب صورت اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جنہیں ڈیل اسٹین نے آؤٹ کیا جس کے بعد الیکس ہیلز بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور نصف سنچری مکمل ہوتے ہی آؤٹ ہوگئے۔

الیکس ہیلز 52 رنز بنا کر احمد صفی عبداللہ کو وکٹ دے بیٹھے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے فیلڈرز نے اپنی ٹیم کو جلد ہی ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے افتخار احمد کو رن آؤٹ کردیا،کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے 19 ویں اور کی ابتدائی دو گیندوں میں باؤنڈری حاصل کرکے 14 رنز کا حصول نہایت آسان بنادیا اور تیسری گیند پر ایک رن حاصل کیا جس کے بعد چیڈ والٹن نے ہدف کو عبور کرنے کے لیے چوکا لگایا۔

کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 187رنز کر حاصل کرلیا۔ اس سےقبل راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس کر وکٹ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔شروع میں جب محمد عامر نے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر کولن منرو کی وکٹ اڑائی تو اسلام آباد کی کشتی ڈگمگاتی نظر آئی لیکن رضوان حسین نے لیوک رونکی کا بھرپور ساتھ دیا لیکن وہ بھی جلد ہی ساتھ چھوڑ گئے، شاداب خان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی لیوک رونکی کا ساتھ جم کر نہیں دے پایا۔

شاداب خان نے نہ صرف خود رنز سکور کیے بلکہ لیوک رونکی کو بھی رنز بنانے کا بھرپور موقع دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی 85 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، جبکہ کپتان شاداب خان نے 54 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، دونوں ہی ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رضوان حسین نے 22 ، کولن انگرام نے 16 اور کولن منرو نے ایک رن سکور کیا۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم، محمد عامر اور عمر خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے پہلے عماد وسیم نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ گزشتہ روز بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے وکٹ پر ہلکی سی نمی ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے اور ہم اس پر 180-190رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔کراچی کنگز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈیل اسٹین اور رضوان حسین کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔
وقت اشاعت : 01/03/2020 - 22:25:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :