پی ایس ایل 5، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو6وکٹوں سے شکست دیدی

بابر اعظم کی نصف سنچری،عامر کے 4 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 2 مارچ 2020 22:39

پی ایس ایل 5، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو6وکٹوں سے شکست دیدی
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اہم میچ میں کراچی کنگز نےسابق چیمپئن پشاور زلمی کو6وکٹوں سے شکست دیدی۔152 رنز کےہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو پہلے اوور کی تیسری گیند پر نقصان اٹھانا پڑا جب شرجیل خان نے حسن علی کی گیند پر خوب صورت چوکا رسید کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم اور الیکس ہیلز نے ٹیم کے سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا اور چھٹے اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور اس رفتار کو جاری رکھتے ہوئے 101 رنز کی شان دار شراکت قائم کی۔

یاسر شاہ نے الیکس ہیلز کو نصف سنچری مکمل ہونے سے ایک رن قبل ہی آؤٹ کردیا، ان کی 49 رنز کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جو صرف 27 گیندوں پر بنائے۔کراچی کنگز کو یاسر شاہ نے اننگز کے 12ویں اوور میں ایک اور نقصان پہنچایا اور نئے آنے والے بلے باز ڈیلپورٹ کو آؤٹ کرادیا، جو صرف 2 رنز ہی بناسکے،کراچی کنگز نے 19ویں اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا اور میچ 6 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

بابر اعظم نے ناقابل شکت 70 رنز بنائے۔ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے 15 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا اور ڈیرن سیمی کی جگہ قیادت کرنے والے وہاب ریاض کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔کراچی کنگز کے باؤلر محمد عامر نے پہلی ہی گیند پر ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے خطرناک عزائم دکھائے جس کے بعد ایمرجنگ کھلاڑی حیدر علی بیٹنگ کے لیے آئے جنہوں نے اپنی پہلی گیند پر چوکا مارا اور دوسری گیند پر اپنی وکٹوں کو بچانے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور پویلین واپس چلے گئے۔

عمید آصف کی جگہ ٹیم میں واپس آنے والے عامر یامین نے زلمی کے کامیاب بلے باز کامران اکمل کو آؤٹ کرکے پشاور کو تیسرا نقصان پہنچایا۔شعیب ملک اور لیونگسٹن نے اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور اس دوران لیونگسٹن نےایک چھکا بھی لگایا جب کہ کراچی نے خراب فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ کیا لیکن باؤنڈری پر کھڑے بابراعظم نے لیونگسٹن کا ایک اچھا کیچ لیا۔

لیونگسٹن 57 کے مجموعی اسکور پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پشاور زلمی اپنی چوتھی وکٹ سے محروم ہوگیا تاہم شعیب ملک نے گریگری کے ساتھ مل کر 15 اوورز میں ٹیم کی سنچری مکمل کی،گریگری نے مشکل وقت میں 25 رنز کی اننگز کھیلی اور جب اسکور 114 رنز پر پہنچا تھا تو محمد عامر کا شکار بنے جس کے بعد کارلوس بریتھویٹ نے ایک چھکا ضرور لگایا لیکن 8 رنز کی اننگز کھیلی اور پویلین کی راہ لی۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر151 رنز بنا کر کراچی کنگز کے لیے نسبتاً آسان ہدف دے دیا۔شعیب ملک نے سب سے زیادہ 68 رنز بنائے۔کراچی کنگز کے محمد عامر نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جورڈن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں وہاب ریاض نے کہا کہ پشاور زلمی کے مستقل کپتان ڈیرن سیمی اس میچ میں آرام کررہے ہیں ان کی جگہ شعیب ملک کو شامل کیا گیا ہے۔

پشاور زلمی میں پاکستان ٹیم کے تجربہ کار سپنر یاسر شاہ کو بھی پہلی مرتبہ موقع دیا گیا ہے اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج بلے باز کارلوس بریتھویٹ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔پشاور زلمی کو ڈیرن سیمی کی قیادت میں رواں سیزن میں اب تک 5 میچوں میں 2 میں کامیابی اور 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، کپتان ڈیرن سیمی بھی اب تک کھیلے گئے 5 میچوں میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔

پی ایس ایل 2020ء میں اب تک دو سنچریاں بنائی گئیں ہیں جن میں سے پہلی سنچری زلمی کے کامران اکمل نے بنائی تھی جس کے بعد ملتان سلطانز کے رلی روسو نے تیز ترین سنچری بنائی تھی۔کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عمید آصف کی جگہ عامر یامین کو شامل کیا گیا ہے۔خیال رہے راولپنڈی سٹیڈیم میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
وقت اشاعت : 02/03/2020 - 22:39:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :