ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، انجیلو میتھیوز

منگل 3 مارچ 2020 13:50

ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، انجیلو میتھیوز
کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2020ء) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر انجیلو میتھیوز نے کہا ہے کہ مہمان ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر دو میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کلین سویپ کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم انکی ٹیم میچ سے قبل بھرپور تیاری کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ کالی آندھی کے خلاف ابتدائی ٹی ٹونٹی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ میتھیوز نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کیلئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہمان کو ابتدائی میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
وقت اشاعت : 03/03/2020 - 13:50:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :