عبدالرزاق لاہور قلندرز میں شامل ہونے کے خواہشمند

کوئٹہ نے موقع دیا جس پر خوش ہوں لیکن اگر لاہور کیساتھ منسلک ہوتا تو اچھا ہوتا:باولنگ کوچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 مارچ 2020 14:37

عبدالرزاق لاہور قلندرز میں شامل ہونے کے خواہشمند
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4مارچ2020ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ عبدالرزاق نے لاہور قلندرز کے ساتھ ہونے کی خواہش ظاہر کر تے ہوئے کہاہے کہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے موقع دیا، ہیڈ کوچ معین خان نے پیشکش کی جس پر خوش ہوں تاہم اگر لاہور کے ساتھ منسلک ہوتا تو اچھا ہوتا۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے موقع دیا، ہیڈ کوچ معین خان نے پیشکش کی جس پر خوش ہوں لیکن اگر لاہور کے ساتھ منسلک ہوتا تو اچھا ہوتا۔

عبدالرزاق نے کہا کہ پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار بہت شاندار ہے، اس میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں شاندار مہارت دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، شائقین میچ دیکھنے کیلئے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

نوجوان کھلاڑیوں سے متعلق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ نے کہا کہ نسیم شاہ اور محمد حسنین میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن نوجوان فاسٹ بولرز کو نام بنانے کے لیے محنت درکار ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پاکستان نے ہر دور میں فاسٹ بولرز پیدا کیے تاہم نام انہی بولرز نے بنایا جنہوں نے محنت کی جب کہ گزشتہ دس برسوں میں کئی ایک فاسٹ بولرز سامنے آئے، ان میں ٹیلنٹ بھی تھا مگر وہ اپنی کارکردگی میں تسلسل نہ رکھ سکے، اگر محنت کرتے تو لمبا کھیلتے۔عبدالرزاق نے کہا کہ محمد حسنین اور نسیم شاہ میں بہت ٹیلنٹ ہے اور نوجوان بھی ہیں، انہیں محنت کی ضرورت ہے، ان پر منحصر ہے کہ وہ وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کی طرح بننا چاہتے ہیں یا نہیں، انہیں محنت اپنا ہدف بنانا چاہیے، ابھی انہیں 300 سے 400 میچز کھیلنا ہیں۔

سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق 46 ٹیسٹ، 265 ایک روزہ انٹر نیشنل اور 32 ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ عبدالرزاق اپنی دھواں دھار بیٹنگ کے لیے شہر ت رکھتے تھے۔ انہوں نے کئی میچوں میں فلک شگاف چھکوں کی بدولت پاکستان ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار بھی کیا۔
وقت اشاعت : 04/03/2020 - 14:37:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :