انٹر نیشنل گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ 19مارچ سے فیصل آباد میں کھیلا جائیگا ،

5روزہ ٹورنا منٹ میں خالصہ کبڈی کلب جالندھر انڈیا ، ہریانہ انڈیا ، ایف سی سی آئی کبڈی الیون ، کمشنر الیون ، لائلپور الیون ، اور ساندل بار الیون کی ٹیمیں حصہ لیں گی

بدھ 4 مارچ 2020 17:51

انٹر نیشنل گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ 19مارچ سے فیصل آباد میں کھیلا جائیگا ،
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2020ء) انٹر نیشنل گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ 19مارچ بروز جمعرات سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائیگا جبکہ 23مار چ بروز پیر تک جاری رہنے والے 5روزہ ٹورنا منٹ میں خالصہ کبڈی کلب جالندھر انڈیا ، ہریانہ انڈیا ، ایف سی سی آئی کبڈی الیون ، کمشنر الیون ، لائلپور الیون ، اور ساندل بار الیون کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔

ٹورنا منٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ترجمان نے بدھ کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایاکہ تمام ٹیموں میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔انہوںنے بتایاکہ ٹورنا منٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں اول پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 6لاکھ روپے ، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 4لاکھ روپے ، تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 3لاکھ روپے ، چوتھے نمبر پر آ نے والی ٹیم کو 2لاکھ روپے اور پانچویں و چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو ایک ایک لاکھ روپے کیش ایوارڈ سے نوازا جائے گا اسی طرح ٹورنا منٹ کے سب سے بہترین کھلاڑی کو بھی الگ سے پر کشش انعامات دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ٹورنا منٹ کے شاندار انعقاد کیلئے تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی گئی ہیں اور اس ایونٹ کوہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے تمام اداروں کا اشتراک بھی حاصل کیا جارہا ہے۔انہوںنے بتایاکہ ٹورنا منٹ کے افتتاحی و اختتامی میچز میں اہم حکومتی و انتظامی اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔انہوںنے بتایاکہ ٹورنامنٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے ریڈر اور ڈیفینڈر کو پچاس ، پچاس ہزار روپے کی خصوصی انعامی رقم سے نوازا جائے گا ۔ انہوںنے بتایاکہ ٹورنامنٹ دیکھنے والے شائقین کیلئے اقبال سٹیڈیم میں انٹری فری ہوگی ۔
وقت اشاعت : 04/03/2020 - 17:51:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :