پی ایس ایل 5، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے 171رنز کا ہدف دیدیا

شعیب ملک کی نصف سنچری،حسنین کے4 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 مارچ 2020 21:56

پی ایس ایل 5، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے 171رنز کا ہدف دیدیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کےلیے171رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔پاکستان سپر لیگ 2020 کے 18ویں میچ کا ٹاس راولپنڈی میں بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب تاخیر سے ہوا اور میچ کو 15اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا ۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ امام الحق 9 کے مجموعی سکور پر صرف سات رنز بنا سہیل خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی کامران اکمل تھے جو 12 بالز پر 23 رنز بنانے کے بعد حسنین کی گیند پر لگاتار تیسرا چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے،اس کے بعد حیدر کا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54رنز کی شراکت قائم کی،حیدر علی 24 بالز پر 39 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

ان کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ محمد حسنین کی بال پر شین واٹسن نے ان کا کیچ لیا، دوسرے اینڈ سے شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹیم کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ شعیب ملک 27گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین 54رنز کی اننگز کھیلنے کے محمد حسنین کی چوتھی وکٹ بنے جبکہ لیام ڈاسن گولڈن ڈک کا شکار ہوئے،پشاور زلمی نے مقررہ 15اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 170رنز کا بڑا مجموعہ سکور بورڈ کی زینت بنایا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین 4وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر سہیل خان اور ٹائمل ملز کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔پشاور زلمی نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے امام الحق اور لیام ڈاسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج راولپنڈی میں بارش کی پیش گوئی کی تھی جس کے سبب میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

دونوں ٹیمیں اس سے قبل بھی لیگ میں مدمقابل آئی تھیں جہاں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے آؤٹ کلاس کیا تھا۔پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز ابتک 5میچز میں 4فتوحات کی بدولت 8پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ دو مرتبہ کی چیمپین اسلام آباد یونائیٹڈ بھی لاہور قلندرز کیخلاف کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 7پوائٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔

کراچی کنگز 5میچز میں 3فتوحات کیساتھ 6پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔رواں سیزن میں پشاور زلمی نے چھ میچز کھیلے جس میں سے انہوں نے دو میں فتح سمیٹی، تین میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔گلیڈی ایٹرز نے لیگ کے چھ میچز میں سے تین میں فتح حاصل کی اور تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پوائنٹس ٹیبل پر گلیڈی ایٹرز 6پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ پشاور زلمی 5پوائنٹس کے پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
وقت اشاعت : 05/03/2020 - 21:56:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :