پی ایس ایل5، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے ہرا دیا

شعیب ملک کی نصف سنچری،وہاب کے تین شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 مارچ 2020 23:29

پی ایس ایل5، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے ہرا دیا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی ہے۔پشاور زلمی کے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا اور دو اوورز میں سکور 27 تک پہنچا دیا،شین واٹسن 19 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے،لیونگ سٹون نے ان کا کیچ لیا،احمد شہزاد 10 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جیسن روئے 24 بالز پر 44 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی بال پر بولڈ ہو گئے،احمد شہزاد ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئےاور17گیندوں کا سامنا کرکے صرف 10 رنز بنا کر وہاب ریاض کی وکٹ بن گئے جبکہ بین کٹنگ کی اننگز بھی 17 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر ختم ہوگئی۔

(جاری ہے)

اعظم خان کو راحت علی نے 103 کے سکور پر کھاتے کھولے بغیر پویلین بھیج دیا،محمد نواز آؤٹ ہونیوالے چھٹے بلے باز تھے جو راحت علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے ٹیم کو جتوانے کے لیے بھرپور کوشش کرتے ہوئے 7 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹیم کو ساتویں کامیابی دلایا اور 117 رنز پر گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کی وکٹیں اڑا دیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹڑز نے مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں پر 140 رنز بنائے اور 30 رنز کے فرق سے میچ میں شکست کھائی۔وہاب ریاض نے 3 اور راحت علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سےقبل پاکستان سپر لیگ 2020ء کے 18ویں میچ کا ٹاس راولپنڈی میں بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب تاخیر سے ہوا اور میچ کو 15اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا ۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ امام الحق 9 کے مجموعی سکور پر صرف سات رنز بنا سہیل خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی کامران اکمل تھے جو 12 بالز پر 23 رنز بنانے کے بعد حسنین کی گیند پر لگاتار تیسرا چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے،اس کے بعد حیدر کا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54رنز کی شراکت قائم کی،حیدر علی 24 بالز پر 39 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ان کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ محمد حسنین کی بال پر شین واٹسن نے ان کا کیچ لیا، دوسرے اینڈ سے شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹیم کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ شعیب ملک 27گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین 54رنز کی اننگز کھیلنے کے محمد حسنین کی چوتھی وکٹ بنے جبکہ لیام ڈاسن گولڈن ڈک کا شکار ہوئے،پشاور زلمی نے مقررہ 15اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 170رنز کا بڑا مجموعہ سکور بورڈ کی زینت بنایا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین 4وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر سہیل خان اور ٹائمل ملز کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔پشاور زلمی نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے امام الحق اور لیام ڈاسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج راولپنڈی میں بارش کی پیش گوئی کی تھی جسکے سبب میچ کے بارش سے متاثر ہونیکا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔دونوں ٹیمیں اس سے قبل بھی لیگ میں مدمقابل آئی تھیں جہاں کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے آؤٹ کلاس کیا تھا۔
وقت اشاعت : 05/03/2020 - 23:29:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :