سعید اجمل بھی ایف بی آر کے نادہندہ نکلے

ایف بی آرنےسابق کرکٹرکوفوری طورپر26لاکھ 57ہزار500روپے قومی خزانےمیں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 6 مارچ 2020 13:39

سعید اجمل بھی ایف بی آر کے نادہندہ نکلے
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مارچ2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سعید اجمل بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے نادہندہ نکلے، 26 لاکھ روپے سے زائدٹیکس کا نوٹس سابق ٹیسٹ کرکٹر کو بھجوادیا گیا۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق جائیدادوں کی خریدوفروخت کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ قومی ٹیم کے 42 سالہ سابق آف سپنر سعید اجمل نے فیصل آباد کے مہنگے ترین علاقے گلبرگ میں جائیداد خریدی تھی۔

ذرائع کے مطابق اپنی جائیداد کو کمرشل کروانے کے لیے انہوں نے فیس بھی ادا کی لیکن اس مد میں انہوں نے ایف بی آر کو ٹیکس کی ادائیگی نہیں کی۔ایف بی آر نے سعید اجمل کو جائیداد کے ٹیکس کی مد میں واجب الادا 26لاکھ 57ہزار 500 روپے ادا کرنے کا نوٹس جاری کر کے فوری طور پر رقم قومی خزانے میں جمع کروانے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق سعید اجمل سے اس خبر کے حوالے سے مؤقف لینے کے لیے ان کے موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔

یاد رہے کہ اس سےقبل ایف بی آر ذرائع نے معروف کرکٹر محمد حفیظ کے چھپائے گئے اثاثہ جات کے بارے میں معلومات ملنے پر ان کا گزشتہ پانچ سال کا آڈٹ شروع کیا تھا۔کرکٹر محمد حفیظ کا 2014ء سے 2018ء تک کا آڈٹ کیا گیاجب کہ ایف بی آر نے محمد حفیظ کی تمام بینکوں سے تفصیلات طلب کر لی ہیں اور ان کے اکاؤنٹس میں جمع شدہ رقم میں بھی ان کے ظاہر کردہ رقم میں فرق ہے۔

کرکٹر محمد حفیظ نے تقریبا 17 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ایف بی آر کو ظاہر نہیں کئے، ایف بی آر نے محمد حفیظ سے اثاثے چھپانے پر جواب طلب کرلیا۔قومی کرکٹر محمد حفیظ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نوٹس کا جواب جمع کروادیا جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدہ ٹیکس فائلر ہیں، اُنہیں بے بنیاد نوٹس بھیجا گیا۔محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے تمام اثاثے ڈیکلئیر کیے ہوئے ہیں، کچھ نہیں چھپایا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے ایف بی آر حکام کو تمام حقائق سے آگاہ کر دیا ہے، تمام سوالات کے جواب بھی دے دیئے ہیں۔آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے ایف بی آر حکام انکے مؤقف کو تسلیم کریں گے اور ان کی وضاحت کو حقیقت مان کر معاملہ ختم کر دیا جائیگا۔
وقت اشاعت : 06/03/2020 - 13:39:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :