پی ایس ایل5 ،لاہورقلندرز نے دوسری بار دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

سمیت پٹیل کی 4 وکٹیں،حفیظ کی عمدہ بیٹنگ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 7 مارچ 2020 21:54

پی ایس ایل5 ،لاہورقلندرز نے دوسری بار دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ 5میں لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 8وکٹوں سے شکست دیدی۔ کوئٹہ کے محمد نواز بیٹنگ میں تو کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن انہوں نے اپنے بولنگ اٹیک کے دوسرے ہی اوور میں فخر زمان کو کلین بولڈ کر دیا جو 20 رنز ہی بنا سکے، میچ کے چوتھے اوور میں محمد نواز نے سہیل اختر کو بھی آؤٹ کر دیا،محمد حفیظ اور بین ڈنک نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 12ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔

حفیظ 32 گیندوں پر 39 اور ڈنک 21 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز ہی تباہ کن انداز سے ہوا اور شین واٹسن پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے،سکور 13 تک پہنچا ہی تھا کہ شاہین نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے احمد شہزاد کی اننگز کا خاتمہ کردیا،اسکے بعد سمیت پٹیل باؤلنگ نے دو ہی اوورز میں شاندار باؤلنگ سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

سمیت نے پہلے سرفراز احمد کو آؤٹ کیا اور پھر اگلے اوور میں چند گیندوں کے فرق سے جیسن روئے، اعظم خان اور بین کٹنگ کو پویلین رخصت کر کے چار وکٹیں حاصل کر لیں۔سمیت پٹیل نے ناقابل یقین سپیل کرتے ہوئے 4اوورز میں 5 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔سہیل خان اور محمد نواز نے اس موقع پر سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 29رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

50 کے مجموعی سکور پر محمد نواز 26گیندوں پر 10رنز بنانے کے بعد فرزان راجہ کو وکٹ دے بیٹھے، فواد احمد بھی صرف 4رنز ہی بنا سکے،سہیل خان نے 32رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کسی حد تک بہتر مجموعے تک رسائی دلائی، وہ اننگز کے 19ویں اوور میں سلمان ارشاد کا نشانہ بنے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 98رنز بنائے۔

سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کہا کہ وکٹ میں نمی لگ رہی ہے، اسی لئے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایترز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہمی ہر حال میں آج کا میچ جیتنا ہے اور اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے،انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ اہم میچ ہے، میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کروں گا اور اسکور بورڈ پر رنز لگانے کی کوشش کریں گے۔گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے نسیم شاہ اور تائیمل ملز کی جگہ زاہد محمود اور فواد احمد کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
وقت اشاعت : 07/03/2020 - 21:54:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :