لاہور قلندرز کے کرس لین کا آج میچ کھیلنے کا امکان

اوپنر کے پیٹ میں درد تھا،امید ہے کہ فٹ ہوجائینگے: لاہور قلندرز کے ترجمان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 10 مارچ 2020 15:54

لاہور قلندرز کے کرس لین کا آج میچ کھیلنے کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مارچ2020ء ) پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ انجرڈ فاسٹ بائولر حارث رؤف کے معاملے پر رسک نہیں لینا چاہتے کیوں کہ وہ صرف لاہور کا نہیں بلکہ پاکستان ٹیم کا بھی اثاثہ ہیں۔آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین اور حارث رؤف کا ری ہیبلیٹیشن پروگرام جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کرس لین کے پیٹ میں درد تھا تاہم امید ہے کہ وہ آج کے میچ کے لئے فٹ ہو جائینگے ۔

ترجمان نے بتایا کہ حارث رؤف کے ٹخنے میں انجری ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں ابھی مزید آرام کا مشورہ دیا ہے ۔ ان کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر فاسٹ بولر کو میچ کھلایا گیا تو فریکچر ہوسکتا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5ویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے رہے ہیں اور یہ پہلی مرتبہ ہے جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آرہے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہیں جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جارہے ہیں، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں، کے مابین فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیںگے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کررہے ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کے پاس ہے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت لیگ کے شروع میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کے پاس تھی تاہم اب وہاب ریاض کپتانی کریں گے جب کہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔

لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے پی سی بی بھرپور کوشش کررہا ہے ۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائےگا۔لیگ میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ امید کی جاری ہے کہ لیگ کے5ویں ایڈیشن میں بھی مداحوں کو سنسنی سے بھر پور میچز دیکھنے کو ملیں گے۔
وقت اشاعت : 10/03/2020 - 15:54:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :