پی ایس ایل5، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو کامیابی کے لیے 188 رنز کا ہدف دے دیا

شعیب ملک اور حیدر علی کی نصف سنچریاں، شاہین آفریدی کے تین شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 10 مارچ 2020 20:45

پی ایس ایل5، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو کامیابی کے لیے 188 رنز کا ہدف دے دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو کامیابی کے لیے188رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوورز میں ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے زلمی کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔

سمیت پٹیل نے ایک مرتبہ پھر اچھی باؤلنگ کی اور لیونگسٹن کو 10 کے سکور پر آؤٹ کرکے دوسری کامیابی دلائی۔حارث رؤف نے پشاور زلمی کی تیسری وکٹ حاصل کرنے میں بھرپور ساتھ دیتے ہوئے عمدہ کیچ لیا جس کے نتیجے میں 24 کے سکور پر کامران اکمل 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ابتدا میں تین وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور نوجوان بلے باز حیدرعلی ذمہ داری نبھائی اور زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا،شعیب ملک اور حیدر علی نے طویل شراکت میں اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں،دونوں بلے بازوں نے شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 140 رنز تک پہنچایا تھا کہ ڈیوڈ ویزے کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شعیب فخر زمان کو کیچ دے گئے،شعیب ملک 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے،شاہین شاہ آفریدی نے قلندرز کو پانچویں وکٹ دلائی اور گریگوری کو 155 کے مجموعے پر آؤٹ کیا جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے،حیدر علی نے 69 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور 163 رنز پر دلبر حسین کو وکٹ دے گئے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے،شاہین شاہ آفریدی نے وہاب ریاض کو آؤٹ کیا جو ان کی تیسری وکٹ تھی،پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 187 رنز بنا لیے۔

(جاری ہے)

کارلوس بریتھویٹ نے 16 اور حسن علی نے 7 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، سمیت پٹیل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔۔لاہور قلندرز میں کرس لین کی واپسی ہوئی ہے جب کہ پلے آف مرحلے میں رسائی کے لیے اس کے لیے یہ میچ انتہائی اہم ہے۔پاکستان سپر لیگ میں دونوں ٹیمیں اب تک 9 بار آمنے سامنے آئی ہیں جن میں سے 8 میچز میں پشاور زلمی نے فتح اپنے نام کی ہے۔
وقت اشاعت : 10/03/2020 - 20:45:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :