لاہور قلندرز نے 5 سال سے برقرار ریکارڈ توڑ ڈالا

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور زلمی کیخلاف 180 رنز سے زائد کا ہدف حاصل کیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 10 مارچ 2020 23:34

لاہور قلندرز نے 5 سال سے برقرار ریکارڈ توڑ ڈالا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مارچ2020ء ) لاہور قلندرز نے 5 سال سے برقرار ریکارڈ توڑ ڈالا، پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور زلمی کیخلاف 180 رنز سے زائد کا ہدف حاصل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی ایک مرتبہ کی چیمپئن پشاور زلمی کو شکست دے کر پلے آف مرحلے میں پہنچنے کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔ لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کیخلاف مسلسل 7 میچوں میں شکست کے بعد فتح حاصل کی ہے۔

جبکہ لاہور قلندرز پشاور زلمی کیخلاف 180 رنز سے زائد کا ہدف حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔ پی ایس ایل کے اب تک کے تمام 5 سیزنز میں کوئی بھی ٹیم آج تک پشاور زلمی کیخلاف 180 رنز سے زائد کا ہدف حاصل نہیں کر سکی، لاہور قلندرز یہ اعزاز حاصل کرنے والی واحد ٹیم ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آج منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو5 وکٹوں سے ہرا دیا-لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز نے 188 رنز کےہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا اور حسن علی کے پہلے اوور میں 12 رنز حاصل کیے جس کے بعد فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے شراکت میں 50 رنز بنائے۔

سہیل اختر 21 رنز بنا کر وکٹوں کے درمیان تیز دوڑنے کی کوشش میں اپنی وکٹ سے محروم ہوگئے جس کے بعد فخر اور کرس لِن نے محتاط بیٹنگ شروع کی جس کو بعد میں جارحانہ انداز میں تبدیل کردیا اور ایک اچھی شراکت قائم کرلی،فخرزمان نے راحت علی کے ایک اوور میں ایک چھکا اور چوکا رسید کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی جس کے ساتھ لاہور قلندرز کی سنچری بھی مکمل ہوگئی،کرس لِن 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو لاہور قلندرز کا سکور 146 رنز تھا لیکن وہ فخرزمان کے ساتھ مل کر 96 رنز کی شراکت قائم کرلی تھی۔

فخرزمان نے سب سے بڑی 63 رنز کی اننگز کھیلی وہاب ریاض کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے کر آؤٹ ہوئے۔تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 4 گیندوں پر 4 رنز بنا کر ایک ایسے وقت میں آؤٹ ہوئے جب جارحانہ انداز میں کھیلنے کی ضرورت تھی۔بین ڈنک بھی گزشتہ میچ کی کارکردگی دہرانے میں ناکام ہوئے اور صرف 7 رنز بنا کر کارلوس بریتھویٹ کی گیند پر بینٹن کا کیچ بن گئے، اس وقت قلندرز کا اسکور 160 رنز تھا اور جیت کے لیے 28 رنز درکار تھے۔

لاہور قلندرز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے لیکن ابتدائی دو گیندوں پر بریتھویٹ نے صرف ایک رن دیا تاہم ڈیوڈ ویزے نے ایک گیند قبل ہی چھکا لگا کر شان دار فتح دلائی۔ اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوورز میں ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے زلمی کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔

سمیت پٹیل نے ایک مرتبہ پھر اچھی باؤلنگ کی اور لیونگسٹن کو 10 کے سکور پر آؤٹ کرکے دوسری کامیابی دلائی۔حارث رؤف نے پشاور زلمی کی تیسری وکٹ حاصل کرنے میں بھرپور ساتھ دیتے ہوئے عمدہ کیچ لیا جس کے نتیجے میں 24 کے سکور پر کامران اکمل 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ابتدا میں تین وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور نوجوان بلے باز حیدرعلی ذمہ داری نبھائی اور زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا،شعیب ملک اور حیدر علی نے طویل شراکت میں اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں،دونوں بلے بازوں نے شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 140 رنز تک پہنچایا تھا کہ ڈیوڈ ویزے کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شعیب فخر زمان کو کیچ دے گئے،شعیب ملک 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے،شاہین شاہ آفریدی نے قلندرز کو پانچویں وکٹ دلائی اور گریگوری کو 155 کے مجموعے پر آؤٹ کیا جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے،حیدر علی نے 69 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور 163 رنز پر دلبر حسین کو وکٹ دے گئے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے،شاہین شاہ آفریدی نے وہاب ریاض کو آؤٹ کیا جو ان کی تیسری وکٹ تھی،پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 187 رنز بنا لیے۔

کارلوس بریتھویٹ نے 16 اور حسن علی نے 7 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، سمیت پٹیل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وقت اشاعت : 10/03/2020 - 23:34:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :