کورونا وائرس:بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ رواں ماہ پاکستان ٹور کیلئے فکرمند

ٹیم پاکستان بھیجنے سے قبل دوبارہ صورتحال پرغور کریںگے کیونکہ کراچی میں بھی کورونا وائرس کے کچھ کیسز سامنے آچکے ہیں: صدر نظم الحسن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 12 مارچ 2020 12:08

کورونا وائرس:بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ رواں ماہ پاکستان ٹور کیلئے فکرمند
ڈھاکا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12مارچ2020ء ) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کو رواں ماہ کے آخر میں پاکستان ٹور کی فکر بھی ستانے لگی جن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے قبل ایک مرتبہ پھر صورتحال پر غور کریں گے کیونکہ کراچی میں بھی کورونا وائرس کے کچھ کیسز سامنے آچکے ہیں۔انہوں نے کورونا وائرس کے باعث ایشیاء الیون اور ورلڈ الیون کے درمیان دو میچوں کے علاوہ میوزک کنسرٹ ملتوی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ دیکھیں کیا ہوتا ہے کیونکہ وہ پاکستان ٹور کے متعلق بھی جلد ہی بات چیت کریں گے اور قدم بہ قدم چلتے ہوئے حالات کا جائزہ لینے کے بعد اس مسئلے کو بھی مل بیٹھ کر دیکھیں گے۔

 دوسری جانب  بی سی بی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی بھی قیمت پر مفاہمت نہیں کی جا سکتی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سلسلے میں پی سی بی سے بات چیت کریں گے اور انہیں کسی بھی قسم کا خطرہ محسوس ہوا تو وہ اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجیں گے البتہ فی الوقت کوئی فیصلہ کرنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ ان کے پاس ابھی کافی وقت موجود ہے ۔

یاد رہے کہ بنگلا دیشی ٹیم کو دورہ پاکستان کے تیسرے مرحلے میں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم پر اپریل میں واحد ون ڈے اور دوسرا ٹیسٹ کھیلنا ہے ،بنگلہ دیشی ٹیم کو 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں 0-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا تھا جب کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگال ٹائیگرز کو اننگز اور44 رنز سے شکست دی تھی، اس مقابلے میں پاکستان کے نسیم شاہ نے ہیٹرک کرنے والے کم عمر ترین باولر ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
وقت اشاعت : 12/03/2020 - 12:08:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :