کورونا وائرس کا خوف ،بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا

بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی:بنگلادیش میڈیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 13 مارچ 2020 12:46

کورونا وائرس کا خوف ،بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13مارچ2020ء ) کورونا وائرس کے خوف کے باعث بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق بنگلادیشی ٹیم کو دورہ پاکستان کے تیسرے مرحلے میں 29 مارچ کو کراچی پہنچنا تھا جہاں یکم اپریل کو واحد ون ڈے شیڈول ہے جب کہ ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا مگر کورونا وائرس کے خوف کے باعث بنگلہ دیشی بورڈ نےٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔

بنگلادیش خود اپنے ملک میں ورلڈ اور ایشیاء الیون کے درمیان شیڈول 2 ٹوئنٹی 20 میچز اور اس سے قبل خصوصی کنسرٹ کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہی ملتوی کرچکا ہے۔ اس سے قبل بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا تھا کہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان کے دورے کا جلد ہی جائزہ لیں گے، ہم قدم درقدم آگے بڑھیں گے اور اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نےدورے کے حوالے سے ابھی تک کوئی بات نہیں کی۔دوسری جانب کراچی میں کورونا وائرس کیسزکی وجہ سے پی سی بی سندھ حکومت سے بنگلادیشی ٹیم کے ٹور پر بھی رابطے میں ہے۔ پی ایس ایل میچز کے بعد اس معاملے کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شہر قائد میں شیڈول آئندہ میچز کے سلسلے میں 17مارچ کے بعدکسی بھی وقت باقاعدہ اجلاس متوقع ہے، جس میں پاکستان ون ڈے کپ اور بنگلادیش کے ساتھ ایک ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کی میزبانی برقرار رکھنے، منسوخ کرنے یا کسی اور شہر منتقل کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے کپ کے راؤنڈ میچز 25 مارچ سے 2 اپریل تک کراچی میں طے ہیں۔
وقت اشاعت : 13/03/2020 - 12:46:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :