پی ایس ایل5 ،اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے137رنز کا ہدف دیدیا

اسلام آباد کا کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 14 مارچ 2020 20:41

پی ایس ایل5 ،اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے137رنز کا ہدف دیدیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 137رنز کا ہدف دیا ہے۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان ٹیم کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔اہم کھلاڑیوں سے محروم اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فل سالٹ اور رضوان حسین نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 35رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد رضوان کی 17رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

فل سالٹ اچھی فارم میں نظر آئے لیکن 59 کے مجموعی سکور پر عماد وسیم نے ان کی 25رنز کی اننگز کے آگے فل سٹاپ لگا دیا۔پورے ایونٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے کپتان شاداب خان کا بلا اس مرتبہ رنز اگلنے میں ناکام رہا اور وہ بھی صرف 12رنز ہی بنا سکے۔

(جاری ہے)

حسین طلعت نے 37 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ کولن انگرام کے ساتھ مل کر سکور کو 97 تک پہنچا دیا لیکن ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ کیچ آؤٹ ہو کر پویلین واپسی پر مجبور ہوئے۔

آصف علی کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ آخری راؤنڈ میچ میں بھی جاری ریا اور دو رنز بنانے والے بلے باز ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر چلتے بنے،کولن انگرام بھی پوری اننگز میں بڑی شاٹ کے لیے سرگرداں نظر آئے اور 15 گیندوں پر صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی، فہیم اشرف 12 اور ظفر گوہر 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے کرس جورڈن، عمید آصف، عماد وسیم، ارشد اقبال اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔۔اس سے قبل میچ کے لیے دونون ٹیموں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں کیوں کہ دونوں ٹیموں کے متعدد غیرملکی کھلاڑی کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے چار کھلاڑی کولن منرو، لیوک رونکی، ڈیل سٹین اور ڈیوڈ ملان اب مزید ایونٹ میں حصہ نہیں سکیں گے جبکہ کراچی کنگز ایلکس ہیلز کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے۔
وقت اشاعت : 14/03/2020 - 20:41:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :