بھارت کے پاس کرونا سے لڑنے کی صلاحیت نہیں ہے: شعیب اختر

ہندوستان 130 کروڑ کی آبادی کا ملک ،وہاں 2 سے 3 کروڑ لوگوں کو کرونا ہوگیا تو انکے ہسپتالوں میں اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ اس سے نمٹ سکیں: سابق سپیڈ سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 14 مارچ 2020 21:39

بھارت کے پاس کرونا سے لڑنے کی صلاحیت نہیں ہے: شعیب اختر
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مارچ2020ء ) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے کرونا وائرس کے معاملے پر بھارت کی صلاحیتوں پر سنجیدہ نوعیت کے سوالات اٹھادیے۔اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو میں 44 سالہ شعیب اخترکا کہنا تھا کہ ہندوستان 130 کروڑ کی آبادی کا ملک ہے اور اگر وہاں 2 سے 3 کروڑ لوگوں کو کرونا ہوگیا تو ان کے ہسپتالوں میں اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ وہ اس معاملے سے نمٹ سکیں۔

شعیب اختر نے پاکستان میں کرونا کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کی آبادی اتنی زیادہ نہیں ہے جبکہ یہاں کرونا کے اتنے زیادہ کیسز سامنے نہیں آئے ہیں۔انہوں نے کرونا وائرس کی وجہ بننے والے چینی شہریوں پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ جب کھانے کیلئے اتنا کچھ ہے تو لوگ، کتے، بلی اور چمگادڑ کیوں کھاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ غصہ اس بات پر ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل آئی تھی لیکن اب کورونا کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑی واپس جا رہے ہیں، لیگ اب تماشائیوں کے بغیر منعقد ہو گی۔

خیال رہے کہ انڈیا میں اب تک کرونا وائرس کے 80 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں اور وہاں اس کی وجہ سے 2 ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب پاکستان سپر لیگ کے شیڈول کو تبدیل کرتے ہوئے اس مین چار دن کی کمی کردی گئی ہے اور اب تک 14 نامور غیرملکی کھلاڑی لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 14/03/2020 - 21:39:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :