اسد شفیق اور عمیر بن یوسف پی ایس ایل5 کے بقیہ میچوں کے لیے ٹورنامنٹ کا حصہ بن گئے

غیر ملکی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کے بعد اسد شفیق کو ملتان سلطانز جبکہ عمیر بن یوسف کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل کر لیا گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 مارچ 2020 12:45

اسد شفیق اور عمیر بن یوسف پی ایس ایل5 کے بقیہ میچوں کے لیے ٹورنامنٹ کا حصہ بن گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15مارچ2020ء ) اسد شفیق اور عمیر بن یوسف کو پی ایس ایل5 کے بقیہ میچوں کے لیے ٹورنامنٹ کا حصہ بن گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کے بعد اسد شفیق کو ملتان سلطانز جبکہ عمیر بن یوسف کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسد شفیق اور عمیر بن یوسف کو پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کے لیے ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اسد شفیق کو سلور کیٹگری میں ملتان سلطانز میں منتخب کیا ہے۔ عمیر بن یوسف کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے جو جیسن روئے اور ٹائمل ملز کی خدمات سے محروم ہوگئی تھی۔ پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے اسد شفیق اور عمیر بن یوسف کو متبادل کھلاڑیوں کی حیثیت سے ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

ٹیکنیکل کمیٹی میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو افسر وسیم خان، بازید خان، مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل میں شامل غیر ملکی 14 کھلاڑیوں کے علاوہ پشاور زلمی کے ایک کوچ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹرینر نے ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کرجانے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کے لیے سہولت فراہم کرنے کی پیش کش کی تھی جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے متعدد کھلاڑی واپس چلے گئے۔ ملتان سلطانز کے رلی روسو اور جیمز ونس جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے اور ٹائمل ملز واپس چلے گئے ہیں جنکی جگہ اب اسد شفیق اور عمیر بن یوسف کو پی ایس ایل5 کے بقیہ میچوں کے لیے ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 15/03/2020 - 12:45:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :