کرونا وائرس کا خوف،پاک،بنگلہ دیش سیریز کے بقیہ میچز ملتوی

دونوں بورڈزمستقبل میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریزمکمل کرنے کیلئے باہمی مشاورت سے فیصلہ کریںگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 مارچ 2020 11:44

کرونا وائرس کا خوف،پاک،بنگلہ دیش سیریز کے بقیہ میچز ملتوی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16مارچ2020ء ) پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سیریز میں شامل بقیہ میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز میں شامل ایک روزہ میچ اور دوسرا ٹیسٹ میچ ملتوی کردئیے گئے ہیں۔دونوں بورڈز اب مستقبل میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز کو مکمل کرنے کے لئے کے لیے باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7 تا 10 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے ایک اننگز اور 44 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو 29 مارچ کو کراچی پہنچنا تھا۔دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو کھیلا جانا تھا جب کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5تا9 اپریل تک جاری رہنا تھا۔اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 مارچ سے نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں شروع ہونے والاپاکستان ایک روزہ کپ بھی غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔                                                                                                                              
وقت اشاعت : 16/03/2020 - 11:44:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :