محسوس ہورہا تھا کہ ایلکس ہیلز کی طبیعت خراب ہے: رمیز راجہ

تمام برڈکاسٹرز ،اینکرز،پریزنٹرز کے کرونا وائرس ٹیسٹ ہونگے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 17 مارچ 2020 13:37

محسوس ہورہا تھا کہ ایلکس ہیلز کی طبیعت خراب ہے: رمیز راجہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مارچ2020ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں محسوس ہورہا تھا کہ ایلکس ہیلز کی طبیعت خراب ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ جس وقت لاہور میں سیمی فائنل اور فائنل میچ کروانے کی تجویز دی گئی تو پی ایس ایل کی تین فرنچائز ز نے اعتراض کیا تھا کہ کراچی میں ٹیمیں موجود ہیں اور کراچی میں ہی باقی میچ کروائے جائیں جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیموں کے درمیان ووٹنگ کروائی تھی ۔

ووٹنگ کے دوران تین ٹیموں نے لاہور میں کروانے اور تین نے کراچی میں کروانے کیلئے ووٹ دیا اور یوں ووٹ برابر ہو گئے جسکے بعد پی سی بی نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے میچز لاہور میں کروانے کا فیصلہ کیا جن تین ٹیموں نے لاہور میں میچز کروانے کیخلاف ووٹ دیا تھا ان میں سے ایک ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تھی جو کہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی جبکہ کراچی کنگز نے بھی کراچی میں ہی میچز کروانے کیلئے ووٹ دیا ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ کراچی کنگز کے برطانوی بلے باز ایلکس ہیلزکی طبیعت ناساز تھی جس پر انہوں نے وطن واپس جاکر کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروانے کے بعد خود کو آئی سولیشن میں کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی علامات بھی ظاہر ہوئی ہیں اور اب ان کے ساتھ کھیلنے والے دوسرے کرکٹرز میں بھی گھبراہٹ پائی جارہی ہے ۔سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں شک تھا کہ ایلکس ہیلز کی طبیعت ٹھیک نہیں اور اسی لیے انہوں نے واپسی کا فیصلہ کیا، اب پی ایس ایل کا حصہ رہنے والے تمام کمنٹیٹرز اور براڈکاسٹنگ عملے کے بھی ٹیسٹ ہونگے -پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچز منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیاہے اور ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا گیاہے کہ ملتوی کیے جانے والے میچز کا شیڈول جلد ہی دوبارہ جاری کیا جائے گا اور اس حوالے سے تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی ۔

پی سی بی نے براڈ کاسٹنگ ٹیم کو بھی آگاہ کر دیاہے جس کے بعد انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں لگائے گئے کیمرے اور دیگر سازو سامان اتارنا شروع کر دیا ہے اورواپسی کیلئے تیاری پکڑ لی ہے ۔
وقت اشاعت : 17/03/2020 - 13:37:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :