کرونا کے باعث فٹبال میچز ملتوی ہوئے تو ترکی میں طلاق کے کیسز بڑھ جائینگے:سربراہ فٹبال کلب ٹرابزونسپور

لیگ کے میچز ملتوی کیے گئے اور بغیر تماشائیوں کے کھیل ہوا تو ایک ماہ بعدملک میں ججز نہیں ملیں گے جو طلاق کے مقدمات سن سکیں:احمد اغاغلو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 مارچ 2020 13:41

کرونا کے باعث فٹبال میچز ملتوی ہوئے تو ترکی میں طلاق کے کیسز بڑھ جائینگے:سربراہ فٹبال کلب ٹرابزونسپور
انقرہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مارچ2020ء ) ترکی میں ایک فٹبال کلب کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث فٹبال میچز ملتوی کیے تو ملک بھر میں طلاق کے کیسز بڑھ جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس دنیا بھر کے 160 سے زائد ممالک تک پہنچ گیا ہے، اس وائرس کے بعد 6 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، عالمی سطح سپورٹس کے مختلف ایونٹس منسوخ ہوئے ہیں وہیں پر ترکی سے ایک حیران رد عمل سامنے آیا ہے۔

ترک فٹبال کلب ٹرابزونسپور کے سربراہ نے کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کی وجہ سے سپر لیگ کے میچز کو ملتوی کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میچز نہ ہوئے تو ملک میں طلاق کے کیسز بڑھ جائیں گے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے نے ترک ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ کلب کے سربراہ احمد اغاغلو نے کہا کہ ان کی ٹیم لیگ میں سب سے آگے ہے اور ٹرابزونسپور کو چیمپئن قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر لیگ کے میچز ملتوی کیے گئے اور بغیر تماشائیوں کے کھیل ہوا تو ایک ماہ بعد اس ملک میں ججز نہیں ملیں گے جو طلاق کے مقدمات سن سکیں۔اغاغلو کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ چہرے پر ماسک لگائے میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ٹرابزونسپور پہلا بڑا فٹبال کلب ہے جس کا تعلق استنبول سے نہیں اور اس وقت ترک سپر لیگ میں پہلے نمبر پر ہے۔

ترکی میں حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جن میں 20 ملکوں کے سفر پر پابندی، کھیلوں کے مقابلوں کا بغیر تماشائیوں کے انعقاد اور بڑے مذہبی اجتماعات سے اجتناب شامل ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق آٹھ کروڑ 30 لاکھ کی آبادی والے ملک ترکی میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہے اور تاحال کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
وقت اشاعت : 18/03/2020 - 13:41:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :