عامرخان نے شادی ہال کورونا سے جنگ میں استعمال کرنے کیلیے پیش کر دیا

یہ عمارت شادی ہال اور ریٹیل آؤٹ لٹ کیلیے استعمال ہونا تھی: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 مارچ 2020 11:52

عامرخان نے شادی ہال کورونا سے جنگ میں استعمال کرنے کیلیے پیش کر دیا
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ2020ء ) پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بولٹن میں موجود اپنا شادی ہال کورونا وائرس سے جنگ میں استعمال کرنے کیلیے پیش کردیا۔33 سالہ سابق ورلڈ لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپئن نے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں اس بات سے اچھی طرح واقف ہوں کہ عام لوگوں کیلیے اس وقت ہسپتال میں بیڈ حاصل کرنا کتنا مشکل ہے، اسی لیے میں اپنی 60 ہزار سکوائر فٹ پر قائم 4 منزلہ بلڈنگ نیشنل ہیلتھ سروس کو دینے کو تیار ہوں تاکہ وہ کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کرسکیں۔

عامر خان نے واضح کیا کہ ان کی یہ عمارت شادی ہال اور ریٹیل آؤٹ لٹ کیلیے استعمال ہونا تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پریمیئر لیگ سائیڈ چیلسی نے بھی اپنے سٹیمفورڈ برج سٹیڈیم میں موجود ہوٹل میں نیشنل ہیلتھ سروس سٹاف کو مفت رہائش دینے کی پیشکش کردی تھی۔

(جاری ہے)

اس مشکل وقت میں راجر فیڈرر، کرسٹیانورونالڈو اور لیونل میسی سمیت کئی اسپورٹس اسٹارز بھاری عطیات کا اعلان کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا سے متاثر یورپ کے اہم ترین ملک برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن بھی کورونا کا شکار بن گئے۔ اس وقت جن ممالک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، ان میں برطانیہ بھی شامل ہے، جہاں 27 مارچ کی سہ پہر تک مریضوں کی تعداد بڑھ 11 ہزار سے زائد ہوگئی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 578 تک جا پہنچی تھی۔برطانیہ نے وبا سے نمٹنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے جب کہ ٹرانسپورٹ و کاروباری اداروں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

اس وقت یورپ کو کورونا وائرس کا مرکز سمجھا جا رہا ہے، جہاں پر دنیا بھر کے مجموعی 5 لاکھ 37 ہزار سے زائد کیسز میں سے 3 لاکھ سے زائد کیسز یورپ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔یورپ میں سب سے زیادہ کیسز اٹلی میں 81 ہزار کے قریب، دوسرے نمبر پر سپین میں 58 ہزار کے قریب، تیسرے نمبر پر جرمنی 47 ہزار سے زائد ، چوتھے نمبر پر فرانس 30 ہزار کے قریب اور پانچویں نمبر پر برطانیہ 12 ہزار کے قریب ہیں۔اسی طرح کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی 27 مارچ کی صبح تک مجموعی ہلاکتوں 24 ہزار 110 میں سے نصف سے زیادہ ہلاکتیں یورپ میں ہوچکی تھیں، جہاں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار تک ہے۔
وقت اشاعت : 28/03/2020 - 11:52:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :