مصباح الحق نے شرجیل خان کی فٹنس غیر تسلی بخش قرار دیدی

یقین ہے شرجیل اپنی فٹنس کو بہتر بنانے پر توجہ دیگا:چیف سلیکٹرو ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 31 مارچ 2020 15:09

مصباح الحق نے شرجیل خان کی فٹنس غیر تسلی بخش قرار دیدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ2020ء ) چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ مصباح الحق نے شرجیل خان کی فٹنس کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کا کا موقف ہے کہ پی سی ایل میں شرجیل خان کو بہترین طریقے سے کم بیک کرنا چاہیے تھا، اس کی فٹنس سے خؤش نہیں، بطور اوپنر اس کی پرفارمنس پر کوئی شک نہیں، وہ 150 کے سٹرائیک والا زبردست پلیئر ہے لیکن اسے اپنی فٹنس پر بہت کام کرنا ہوگا، پی ایس ایل سے پہلے جو نہیں کرسکا، شرجیل کو اب وہ کرنے کی ضرور ت ہے، اب شرجیل کے پاس گھر پر اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے وقت ہے، اسے اپنے وزن کو کم کرنا ہوگا،وزن میں کمی سے اس کی فٹنس بھی بہتر ہوگی۔

مصباح الحق نے کہا کہ شرجیل کو یہ ذہن میں رکھنا ہوگا کہ قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کے لیے اسے وہ فٹنس درکار ہوگی جو دوسرے لڑکوں کی ہے، خود کو فٹ کرنا اس کے اپنے ہاتھ میں ہے، فٹنس کے حوالےسے انٹرنیشنل معیار پر پورا اترنے پر ہی وہ زیر غور آسکتاہے، مجھے یقین ہے کہ شرجیل اپنی فٹنس کو بہتر بنانے پر توجہ دے گا، اس کے لیے اس وقت مشکل ضرور ہے لیکن محنت کرکے وہ تمام چیزیں کرسکتا ہے جو اس کو واپسی کے لیے کرنا ہیں۔

(جاری ہے)

ہیڈکوچ مصباح الحق نے کہا کہ حیدر علی نے اس سے پہلے ڈومیسٹک اور جونیئر سطح پر ریڈ بال کرکٹ کھیل کر اپنی پہچان بنائی، انڈر 19 ٹیم کی طرف سے بھی اس کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی، اب پی ایس ایل میں اس نے سب کو متاثر کیا ہے۔ وہ ایک ایسا بلے باز ہے جو ہر بولرز کے خلاف بہترین سٹروکس کھیلنے کی اہلیت رکھتاہے، اس نے اپنی صلاحیتوں کو پی ایس ایل میچز میں بہت اچھے طریقے سے منوایا ہے۔ مصباالحق نے کہا کہ اعظم خان بہترین ٹیمپرامنٹ کا حامل نوجوان لگا، اسی نے دلیری کے ساتھ چند اننگز کھیلی ہیں لیکن اعظم کو اپنی فٹنس پر بہت کام کرنا ہوگا، اس کو اپنے وزن کو مزید کم کرنا چاہیے، بولنگ میں لاہور قلندر کے دلبر حسین بہت اچھے لگے۔
وقت اشاعت : 31/03/2020 - 15:09:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :